چیئرمین پیمرا کا ریجنل آفس ملتان کا دورہ،غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کیخلاف جاری مہم کومزید فعال بنانے پر زور

بدھ 19 دسمبر 2018 17:33

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) چیئرمین پاکستان ا لیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) محمد سلیم بیگ نے پیمرا کے تمام فیلڈ سٹاف کو ہدایات دیں ہیںکہسپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے ملک سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کا مکمل خاتمہ کیا جائے جو کہ ناصرف ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کیلئے تباہ کُن ہے بلکہ ہمارے ملک کیلئے بڑے مالی نقصان کا بھی باعث ہے۔

وہ پیمرا ریجنل آفس ملتان کے دورہ کے موقع پر اجلاس سے خطاب اور وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کوریجنل آفس ملتان کے انچارج فقیر افضل معصوم نے ملتان ریجن کی لائسنسنگ ، قوانین کے نفاذ، ریکوری اور دیگر عملی سرگرمیوں اور غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیمرا کو پیمرا فیلڈ سٹاف کے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول ایف آئی اے، کسٹم انٹیلی جنس، پولیس اور رینجرز کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

ان چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں غیرقانونی سامان قبضہ میں لیا گیاجس میں222 سی لائن ریسیور، 273ایل این بی ،66ڈش انٹینا اور دیگر شامل ہیں۔ چیئرمین پیمرا نے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیںغیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ ، سی لائن اور جادو باکس کی خریدو فروخت کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس غیر قانونی کاروبارکو مکمل ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے سٹاف کو تلقین کی سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے ملک سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کے اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے جو کہ ناصرف ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کیلئے تباہ کُن ہے بلکہ ہمارے ملک کیلئے بڑے مالی نقصان کا بھی باعث ہے۔ اس دورے کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے ملتان کے کیبل آپریٹرز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور تلقین کی کہ اپنی نشریات کو پیمرا قوانین کے مطابق ڈھالیں ورنہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کا مجاز ہو گا۔

مزید برآں ، انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق سپریم کورٹ سے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کیبل آپریٹرز ایسے رفاع عامہ کے پیغامات جو معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیںجیسا کہ سپریم کورٹ ڈیم فنڈز، صاف و سرسبز پاکستان اور ٹریفک قوانین سے متعلق پیغامات کو زیادہ سے زیادہ نشر کریں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے۔

مزید برآں! چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے تما م جائز مطالبات کو جلد از جلد منظور کرنے اور انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کی مدد اور معاونت کرنے کا یقین دلایا تاکہ اس انڈسٹری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ چیئرمین پیمرا نے ملتان آفس کے افسران سے کہا کہ وہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اورساتھ ساتھ اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ ومشاورت یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اور پیمرا لائسنس یافتگان سے مکمل تعاون کو یقینی بناتے ہوئے اس انڈسٹری کا مستقبل تابناک بنائیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) محمد فاروق، جنرل منیجر (آپریشنز) محمد طاہر اور سیکریٹری اتھارٹی فخرالدین مغل بھی ان کے ساتھ تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں