روس کے تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلباء کیلئے سکالر شپس میں اضافے کا جائزہ لے رہے ہیں،

پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت انتہائی اطمینان بخش ہے، آندرے جی فزیوں روس کے قونصل ڈائریکٹر کے اعزاز میں روسی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل پاکستانی گریجویٹس کا عشائیہ

بدھ 19 دسمبر 2018 17:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) کراچی میں روس کے قونصلیٹ جنرل میں تعینات سائنس و کلچر کے قونصل ڈائریکٹر آندرے جی فزیوں نے کہا ہے کہ روس کے تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلباء کیلئے سکالر شپس میں اضافے کا جائزہ لے رہے ہیں۔پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت انتہائی اطمینان بخش ہے۔گزشتہ روز یہاں اسلام آباد میں روسی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل پاکستانی گریجویٹس کی جانب سے انکے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آندرے فزیوں نے کہا کہ روس، پاکستان کیساتھ تعلیم،سائنس سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کی حکومت ہر سال پاکستانی طلباء کو گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح کے تقریبا 15 سکالرشپس دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہا کہ سکالر شپس دینے کا طریقہ کار ہائر ایجوکیشن کمیشن وضع کرر ہا ہے۔انہوں نے کہا پاکستانی طلباء کی کثیر تعداد روس میں تعلم حاصل کرنیکا خواہاں ہے اس مقصد کے پیش نظر پاکستانی طلباء کیلئے سکالر شپس میں اضافے کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں اور ثقافتی طائفوں اور پروگراموں کے تبادلے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں رشین ایلومینائی تنظیم کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر شاہد حسن اور جنرل سیکرٹری انجینئر افتخار علی نے رشین قونصل ڈائریکٹر آندرے جی فزیوں کا خیر مقدم کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں