پاک چین اقتصادی راہداری پر پاکستان میں کوئی سیاست نہیں ہے ،

سیاسی جماعتوں اور صوبوں سمیت ہر کوئی اس کی حمایت کرتا ہے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کی امریکہ، چین، کینیڈا، میانمر سمیت مختلف ممالک کے طلباء کے وفد سے گفتگو

جمعہ 18 جنوری 2019 23:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری پر پاکستان میں کوئی سیاست نہیں ہے اور سیاسی جماعتوں اور صوبوں سمیت ہر کوئی اس کی حمایت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ، چین، کینیڈا، میانمر سمیت مختلف ممالک کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

سینیٹر بہرہ مند تنگی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کو سی پیک اور پاکستان اور چین کے مابین تاریخی تعلقات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پاکستان کی سی پیک سے متعلق توقعات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کیلئے بڑے مواقع کا حامل ہے اور بلوچستان سمیت پورے پاکستان کے عوام اس سے استفادہ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی جدوجہد کے بارے میں وفد کو بتایا۔ بعد ازاں وفد نے دستور گلی اور سینٹ کے میوزیم کا بھی دورہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں