چائلد رائٹس موومنٹ پاکستان اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے اشتراک سے صحافیوں کے لئے ایک روزہ سیشن کا اہتمام

جمعرات 18 اپریل 2019 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) چائلد رائٹس موومنٹ پاکستان اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے اشتراک سے صحافیوں کے لئے ایک روزہ سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں جڑواں شہروں سے کثیر تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔ سیشن میں بی بی سی اردو کے معروف صحافی آصف فاروقی نے بچوں کے حوالے سے رپورٹنگ میں بی بی سی کے ضابطہ اخلاق پر بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام میڈیا ہاوسز میں بچوں کی رپورٹنگ کے حوالے سے ضابطہ اخلاق ہونا چاہئے اور میڈیا ہاوسز کو ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لئے پابند کرنا چاہیے۔ نیشنل پریس کلب کی نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے اس سیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے ممبر اور بچوں کے حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے ماہر سید صفدر رضا نے پاکستان میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے موجود قانون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ رائٹس کے حوالے سے بہت سے قوانین موجود ہیں مگر ان قوانین پر عملدرآمد کے لئے میڈیا ورکرز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی حقوق کے لئے کام کرنے والے غیر سرکاری تنظیم سپارک کے ایگزیگٹیو ڈائریکٹر سجاد چیمہ کاکہنا تھا کہ پاکستان یونائٹڈ نیشن کے کمیشن آف چائلڈ رائٹس کے رکن ممالک میں شامل ہیں اس لیے پاکستان پر لازم ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے بچوں کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد کرے۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل قرار کا کہنا تھا کہ میڈیا کی وجہ سے بچوں پر ہونے والے تشدد میں کافی کمی آئی ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو رپورٹنگ کے دوران پاکستان کی بہتر امیج کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے نمائندہ آفتاب اعوان نے سول سوسائٹی اور صحافیوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں تحقیق بہت کم کرتے ہیں، اس لئے صحافی کو ہمیشہ سچ اور حق کی بات کرنی چاہیے۔ سیشن کے اختتام پر چائلڈ رائٹس موومنٹ کے نیشنل کوآرڈینیٹر ممتاز گوہر نے تمام شرکاء شکریہ ادا کیا۔ اس سیشن کے آخر میں شریک تمام صحافیوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں