ْبارہ کہو کی تاجر برادری کی طرف سے اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کے جلد نفاذ کا مطالبہ

بدھ 24 اپریل 2019 19:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) بارہ کہو کی تاجر برادری کی مرکزی یونین کے وفد نے صدر ملک سجاد کی قیادت میں اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کیے عہدیداران کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرایہ داری کا نیا قانون پاس نہ ہونے کی وجہ سے بارہ کہو سمیت اسلام آباد کی دیگر مارکیٹوں کی تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کرا کے وفاقی دارالحکومت میں نافذ کیا جائے تا کہ تاجر برادری سکون و اطمینان کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکے ۔

مرکزی انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، بلیوایریا ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر یوسف راجپوب ، جناح سپر کے صدر ملک ربنواز اور خالد چوہدری سمیت دیگر مارکیٹوں کے نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملک سجاد نے کہا کہ بارہ کہو میں بائی پاس اور اوور ہیڈ پل تعمیر کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے تا کہ ٹریفک کے مسائل کم ہوں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو لہذا انہوںنے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل کو جلد حل کرنے کی طرف توجہ دے۔

انہوںنے کہا کہ بارہ کہو میں صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس وجہ سے علاقہ گندگی کا شکار ہے جبکہ بارہ کہو مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ اور پبلک باتھ رومز کی بھی اشد ضرورت ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ بارہ کہو میں صفائی کے انتظامات بہتر کریں اور فلٹریشن پلانٹ و پبلک باتھ رومز کی دستیابی یقینی بنائیں۔

انہوںنے کہا کہ بارہ کہو مارکیٹ میں پارکنگ کی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے جس سے تاجروں سمیت گاہکوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے بارہ کہو میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ تعمیر کرے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد کی مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے بھی بارہ کہو کے تاجروں کو مسائل کا سامنا ہے لہذا مقامی انتظامیہ مارکیٹ کمیٹی کو ہدایات جاری کرے کہ بارہ کہو کے تاجروں کو غیر ضروری تنگ نہ کیا جائے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بارہ کہو کی مرکزی یونین مسائل حل کرانے کی کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ بارہ کہومارکیٹ کا شمار اسلام آباد کی بڑی مارکیٹوں میں ہوتا ہے جہاں تاجروں کی کثیر تعداد کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہے لہذا انہوںنے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے مطالبہ کیا کہ دونوں ادارے بارہ کہو سمیت اسلام آباد کی مارکیٹوں کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوںنے کہا کہ گذشتہ حکومت اور موجودہ حکومت کے نمائندگان کی یقین دہانیوں کے باوجود قانون کرایہ داری کے ترمیمی بل کو ابھی تک پارلیمنٹ سے پاس نہیں کرایا جا سکا جس سے وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری مستقبل کے بارے میں عدم تحفظ کا شکار ہے لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوںنے بارہ کہو کی مرکزی یونین کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کے مسائل حل کو حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی، اجمل بلوچ، یوسف راجپوت، ملک ربنواز، خالد چوہدری، ملک مرتضٰی، شاہ انور اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے بارہ کہو کی تاجر برادری کے مسائل کو حل کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں