کامیاب جوان پروگرام روز گار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ بن سکتا ہے، عالمگیر خان

جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام روز گار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ بن سکتا ہے ۔ نوجوانوں کو روزگار کے لئے نہ صرف قرضے بلکہ نوجوانوں کی ہنرمند صلاحیتوں کو آگے بڑھا نے کے لئے انٹرن شپ پروگرام لائے جائیں گے۔ نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے بے روزگار نوجوانوں خواتین کو بھی قرضے ملیں گے ، 100ارب روپے میں سے 25 فیصد قرض خواتین کے لیے مختص ہیں۔

عالمگیر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی روزگار دینے کے حکومتی فرض کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہر وزیر اور ایم این اے کو ملازمتوں کا کوٹہ دیا جاتا تھا لیکن اب ملازمتیں میرٹ پر ملیں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ قومی ایئر لائن( پی آئی اے ) کی مثال لے لیں اس ادارے کی بربادی کی بڑی وجہ بے تحاشا بھرتیاں ہیں جس جہاز پر 200 ملازم کام کرتے تھے اس پرکام کے لئے 1200ملازم رکھے گئے ہیںاور ان میں سے بہت زیادہ بھرتیاں سیاسی بنیادوں پر کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بہتر حکومتی پالیسیاں ہی روز گار کے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں، جب تک معیشت آگے نہیں بڑ ھے گی تو ملازمتیں فراہم کرنے میں دشواری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں عوام روزگار کے لئے حکومت ہی کی طرف دیکھتے آئے ہیں ۔ عالمگیر خان نے کہا کہ اب پرچی والا کام نہیں چلے گا۔ ماضی میں سیاسی لوگ اپنے عزیز واقارب کو نوکریاں دلاتے تھے، اب ایسا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مدرسے کے بچوں کو اپنا بچہ سمجھتے ہیں، مدارس کے لئے 70 تربیتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں