فضل الرحمان نے اپنی سیاست کو بند گلی میں دھکیل لیا ہے،نظام زندگی مفلوج کرنیکی باتیں ان کی ناکامی ہے‘ ہمایوں اختر خان

نواز شریف کیخلاف عدالتوںمیں کیسز کی رقوم 7ارب سے کہیں زیادہ ہے ،شورٹی بانڈ کا تقاضہ مختلف کیسوں میں جرمانوں کی رقم ہے

جمعرات 14 نومبر 2019 12:52

فضل الرحمان نے اپنی سیاست کو بند گلی میں دھکیل لیا ہے،نظام زندگی مفلوج کرنیکی باتیں ان کی ناکامی ہے‘ ہمایوں اختر خان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی سیاست کو بند گلی میں دھکیل لیا ہے اور عوام کے معمولات اور کاروبار زندگی کو مفلوج کرنے کی کوششان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، نواز شریف کو حکومت نے انسانی بنیادوں پر آسان راستہ فراہم کیا ،نواز شریف کیخلاف عدالتوںمیں جو کیسز موجود ہیں وہ 7ارب روپے سے کہیں زیادہ رقوم کے ہیں او رجس شورٹی بانڈ کا تقاضہ کیا گیا ہے وہ انہیں مختلف کیسز میں ہونے والے جرمانوں کی رقم ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانافضل الرحمان اپنے مطالبات کے حوالے سے پہلے دن سے تذبذب کا شکار ہیں اور وفاقی دارالحکومت میں پڑائو ختم کرنے کے بعد ملک بھر میں شاہراہیں بند کرنے کا اعلان ان کی بد حواسی کا منہ بولتا ہے ۔

اگر عوام کے زندگی کے معمولات میں دخل او رکاروبار کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرور حرکت میں آئیں گے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔ ایسے حالات میں جب سٹاک ایکسچینج اوپر جارہی ہے ،معیشت کے حوالے سے عالمی اداروں ے کی حوصلہ افزا رپورٹس سامنے آرہی ہیں مولانا فضل الرحمان ملک کی ترقی کے آگے سپیڈ بریکر کھڑے کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔

اس طرح کے ہتھکنڈوں سے جمہوریت مضبوط نہیں ہوتی ۔ انہوں نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے معاملے میں ڈیڈ لاک پر کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں لیکن حکومت نے عدالت کی جانب سے انہیں طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے کے بعد انسانی ہمدردی کے تحت آسان راستہ فراہم کیا جسے انہوں نے خود پیچیدہ بنا یا، نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے (ن) لیگ والوں کو تو ایک رات بھی ضائع نہیں کرنی چاہیے ۔

اگر کل عدالت حکومت سے پوچھے کہ سزا یافتہ شخص کن شرائط پر باہر گیا تو ہم عدالت میںکیا جواب دیں گے۔ نواز شریف کے خلا ف عدالتوں میں جو کیسز ہیں ان کی رقوم 7ارب روپے سے کہیں زیادہ ہیں ،حکومت نے جس شورٹی بانڈ کاتقاضہ کیا ہے وہ صرف انہیں مختلف کیسز میں ہونے والی سزائوں کا جرمانہ ہے ۔(ن) لیگ والے پہلے نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک تو لے جاتے پھر بیشک اس معاملے میں عدالت میں جا کر بات کرتے ،یہ بھی ہو سکتا ہے کہ حکومت انہیں کہہ دے کہ آپ کیسز کے مطابق ساری رقم جمع کرائیں اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ان کے موقف کو درست مان لیا جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں