وزارت آبی وسائل اور آسٹریلیا نے آبی وسائل کے انتظام کے شعبے میں تعاون کے سالانہ منصوبے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے

جمعرات 5 دسمبر 2019 19:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) وزارت آبی وسائل اور آسٹریلیا نے آبی وسائل کے انتظام کے شعبے میں تعاون کے سالانہ منصوبے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں جمعرات کو یہاں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ مفاہمت کی یادداشت پر سیکرٹری آبی وسائل محمد اشرف اور پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شاہ نے دستخط کئے۔

مفاہمت کی یادداشت کے تحت آسٹریلیا آبی وسائل کے انتظام، شہروں اور زراعت کے شعبے کیلئے پانی کی دستیابی اور زراعت کے شعبے میں پاکستان کے آبی ماہرین کی استعداد میں اضافے کیلئے تعاون کے ساتھ ساتھ فنی امداد فراہم کرنے اور مشترکہ تحقیق میں مدد دے گا۔ آسٹریلیا پاکستان کو سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجی فراہم کرے گا، ارسا اور صوبوں کو1991ء کے پانی کی تقسیم کے معاہدے کے مطابق پانی کی شفاف تقسیم میں سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اس منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کے سیلاب سے پیشگی خبردار کرنے کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ آسٹریلیا کے ماہرین سندھ اور پنجاب کے بڑے شہروں میں پانی اور صفائی کے چیلنجوں کا تجزیہ کریں گے اور اس منصوبے کے تحت بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں زمینی پانی کی صورتحال کا بھی تجزیہ کیا جائے گا جبکہ جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ میں سیم کی روک تھام کیلئے بھی مشترکہ تحقیق کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں