فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد کے نتیجہ میں سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی سرمایہ کاری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ترجمان وزارت خزانہ

منگل 28 جنوری 2020 00:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) وزارت خزانہ و محصولات نے واضح کیا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی سفارشات پر عملدرآمد کے نتیجہ میں سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی سرمایہ کاری/کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ پیر کو یہاں جاری بیان میں ترجمان وزارت خزانہ نے پریس کے بعض حصوں میں اس حوالہ سے شائع ہونے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ خبر میں درج مندرجات سے سی ڈی این ایس کے اکائونٹ ہولڈرز اور کلائنٹس غلط مطلب نکال سکتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سی ڈی این ایس صارفین کو خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے مفادات کے تحفظ میں پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے تمام ضروری نظام اور صارفین کو پہچاننے کا طریقہ کار نافذ کر دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فنانس ڈویژن نے نیشنل سیونگز سکیم (اے ایم ایل/سی ایف ٹی) رولز 2019ء کا اطلاق کیا ہے اور اس ضمن میں اینٹی منی لانڈرنگ و کائونٹر ٹیرر فنانس کمپلینٹس بینک کو کھلی اور شفاف بولی کے ذریعے شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات کو نافذ کیا جا سکے اور اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے ملازمین کو ضروری تربیت فراہم کی جا سکے۔

اس کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشاورت سے خواہشمند بینکوں سے اظہار دلچسپی طلب کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بینک کو شامل کرنے کے بعد سی ڈی این ایس سرمایہ کاری کرنے والے متوقع سرمایہ کاروں کی بائیو میٹرک ویریفیکشن کا عمل شامل ہے تاکہ اقوام متحدہ کی پابندیوں والی فہرست میں افراد کی شناخت ہو سکے۔ ترجمان نے کہا کہ اس عام سکریننگ کا مقصد ناجائز ذرائع سے حاصل شدہ دولت کو مالیاتی نظام کا حصہ بننے سے روکنا اور اپنے صارفین کو منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی عفریتوں سے بچانا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزارت خزانہ سی ڈی این ایس کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات کے مطابق ڈھالنے اور اپنے صارفین و کھاتہ داروں کے مفادات کو تحفظ دینے میں پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں