جعلی بینک اکائونٹس کیس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید نے طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی

منگل 18 فروری 2020 19:40

جعلی بینک اکائونٹس کیس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید نے طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) جعلی بینک اکائونٹس کیس میں اومنی گروپ کے خواجہ عبدالغنی مجید نے سندھ روشن پروگرام کرپشن کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ منگل کو عدالت عالیہ میںجعلی بینک اکائونٹس کیس میں ملوث اومنی گروپ کے خواجہ عبدالغنی مجید کی جانب سے سندھ روشن پروگرام کرپشن کیس میں بھی طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے درخواست دائر کی گئی۔

دائر درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب، کیس کے تفتیشی آفیسر اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2018 میں ایف آئی اے نے کراچی سے عبدالغنی مجید کو گرفتار کیا، 13 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جناح میڈیکل سنٹر منتقل کیا گیا اور اب وہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں عبدالغنی مجید کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں، کینسر جسم میں پھیل رہا ہے۔

عدالت سے استدعا ہے کہ طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرکے رہائی کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں عدالت سے میڈیکل بورڈ بنانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ نے عبدالغنی مجید کو جعلی بینک اکائونٹس کیس میں بھی 10 کروڑ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض طبی بنیادوں پر ضمانت دی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں