انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس کلیم امام کا ریجنل کمانڈر نارتھ ریجن کا دورہ

بدھ 8 اپریل 2020 01:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام نے منگل کو ریجنل کمانڈر نارتھ ریجن کا دورہ کیا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نارتھ ریجن میں پیشہ وارانہ امور کے حوالہ سے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں نارتھ ریجن کے زونل کمانڈرز، سیکٹر کمانڈرز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ موٹروے پولیس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نارتھ ریجن کے پیشہ وارانہ امور کے حوالہ سے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نیشنل ہائیویز اینڈ موٹروے پولیس نارتھ ریجن عباس حسین ملک نے بریفنگ دی۔ آئی جی موٹروے پولیس کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس افسران حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، موٹروے پولیس افسران کو فیس ماسک، گلوز اور سینیٹائزر لوشن کٹس دی گئی ہیں، ڈیوٹی سے پہلے تمام گاڑیوں کو خصوصی طور پر سینیٹائز کیا جاتا ہے۔ آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام نے کہا کہ کورونا سے لڑنے کا سب سے اہم ہتھیار احتیاط ہے، عوام غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔

انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام نے موٹروے پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ موٹروے پولیس کے وژن کے مطابق قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ڈرائیونگ کے محفوظ ماحول کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کورونا وائرس کے حوالہ سے حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے پولیس مسافروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں