نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا23 ویں یومِ تاسیس پروقار طریقے سے منایا گیا

موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون کی جانب سے سنجانی ٹول پلازہ پر تقریب کا انعقاد

جمعرات 26 نومبر 2020 18:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا23 ویں یومِ تاسیس پروقار طریقے سے منایا گیا، اس حوالے سے موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون کی جانب سے سنجانی ٹول پلازہ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی آئی جی این فائیو نارتھ زون محمد وصال فخر سلطان نے شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کی ہدایات کے مطابق نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس کی23 ویں یومِ تاسیس کے حوالے سے این فائیو نارتھ زون کے تمام سیکٹروں اور بیٹوں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

دن کا آغاز قرآنِ پاک کی تلاوت اور شہداء کیلئے خصوصی دعائوں سے کیا گیا۔اس کے بعد موٹروے پولیس کے افسران نے نیشنل ہائی وے پر فلیگ مارچ کیا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سنگجانی ٹول پلازہ پرایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی آئی جی این فائیو نارتھ زون محمد وصال فخر سلطان نے 23 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے موٹروے پولیس کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس بلاشبہ پاکستان میں کارکردگی کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے اور اس کی کارکردگی ملک کے دوسرے اداروں کے لیے مثال کی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔

قومی شاہراہوں اور ان پر سفر کرنے والوں کی حفاظت، مدد اور فلاح کا فریضہ موٹروے پولیس احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے۔ مستقبل قریب میں موٹر وے پولیس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جائیں گی۔ اس ادارے کا قیام 1997 میں ہوا اور اس وقت ادارے کی صورت میں نئی اور جدید ٹریفک مینجمنٹ کا بیج بویا گیا جو آج ایک تناور درخت بن چکا ہے جس پر ہم بجا طور پر فخر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ اس حقیقت میں کچھ شبہ نہیں کہ محدود وسائل کے باوجود موٹر وے پولیس نے شبانہ روز محنت اور عوام الناس کی خدمت اور حفاظت کے ذریعے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی نیک نامی اور شہرت حاصل کی ہے۔ ہرقسم کی تفریق اور تعصب سے بالاتر قانون کا یکساں نفاذ، جدید اور بروقت امدادی سہولیات کی فوری فراہمی موٹروے پولیس کا طرئہ امتیاز ہے۔ اس تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی این فائیو نارتھ زون محمد وصال فخر سلطان نے روڈ یوزرز میں تحائف تقسیم کیے اور تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں