مہنگائی کی شرح میں 0.85فیصد مزید اضافہ

بدھ 2 دسمبر 2020 23:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) ملک میں نومبر2020 کے دوران مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ آٹھ پانچ (0.85) فیصد مزید اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد نومبر میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر8.35 فیصد ہو گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کے ماہانہ اعداد وشمارپر مبنی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح آٹھ اعشاریہ سات چھ فیصد رہی ہے۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ(نومبر)کے دوران چکن 21.3 فی صد مہنگا ہوا ہے اورٹماٹر کی قیمت15.68 فی صد بڑھی جبکہ ایل پی جی کے نرخوں میں10.31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ تیار شدہ گارمنٹس8.85 فیصد جبکہ آلو8.80 فیصد مہنگے ہوئے۔اعدادوشمارکے مطابق گذشتہ ماہ( نومبر)کے دوران ٹرانسپورٹ سروسز6.41 فیصد سستی ہوئیں جبکہ گندم کے آٹے کی قیمت میں پانچ فیصد کمی واقع ہوئی ہے علاوہ ازیں دالوں اوربجلی کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں