ایوان صدر کی جامع مسجد سے تعمیر اخلاق کے موضوع پر خطبہ جمعہ براہ راست نشر کیا گیا

زندگی کے ہر پہلو کے لحاظ سے حضور اکرمؐکی حیات طیبہ اور تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،پروفیسر قبلہ ایاز

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) ایوان صدر کی جامع مسجد سے تعمیر اخلاق کے موضوع پر خطبہ جمعہ حسب معمول براہ راست نشر کیا گیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے جمعہ کا خطبہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر پہلو کے لحاظ سے حضور اکرمؐکی حیات طیبہ اور تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، اچھے اخلاق معاشرے کا حسن ہوتے ہیں، جس معاشرے میں رویے اور ایک دوسرے سے سلوک اچھا ہو وہی معاشرہ دنیا میں عزت اور وقار کا مقام حاصل کر سکتا ہے۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اسلام کی تاریخ اخلاق حسنہ کی مثالوں سے بھری پڑی ہیں۔ انہوں نے ہجرت حبشہ کا تاریخی حوالہ دیا اور کہا کہ مسلمان مہاجرین کے اخلاق کی بدولت وہاں ان کیلئے عزت، احترام اور ہمدردی کے جذبات پیدا ہوئے، اسلام کی اشاعت کی تاریخ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمانوں نے دیانت، امانت، سچائی، تعاون، ایثار اور انسانی احترام کے رویوں کو فروغ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عیبوں کی پردہ پوشی کرنے اور دوسروں کو برے ناموں سے پکارنے کی مخالف کے بارے میں اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بدگمانیوں کے ساتھ ساتھ غیبت سے بچنے کی تلقین کی اور کہا کہ اس حوالہ سے دین اسلام میں واضح ہدایات ہیں۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اخلاق حسنہ کا حامل معاشرہ تشکیل دے کر ہم پاکستان کو ایک خوشحال اور باوقار ملک بنا سکتے ہیں۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کیلئے ایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں