خدارا تمباکوانڈسٹری ہمارے نوجوانوں کی زندگی سے کھیلنا بند کرے، ثناء اللہ گھمن

روزانہ سکول جانے والے 1200بچوں کوسگریٹ نوشی کی طرف دھکیلاجارہاہے،بیان

جمعرات 27 جنوری 2022 23:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2022ء) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے جنرل سیکرٹری و ڈائریکٹر آپریشن ثنائ اللہ گھمن نے کہاکہ تین سال کے دوران عوام کے استعمال کی تمام ضروری اشیائ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا،لیکن تمباکو کی قیمتیں جمود کا شکار ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ تمباکو صنعت کی جانب سے چلنے والی مہم ہے، جو غلط معلومات پھیلاتی ہیں، نتیجتاً دوسرے ممالک کی بانسبت پاکستان کی مارکیٹس میں تمباکو سب سے سستی قیمتوں پر دستیاب ہے۔

ثنائ اللہ گھمن نے اپنی خصوصی بیان میں کہاکہ تمباکونوشی ہماری ترجیحات کاحصہ ہرگزنہیں،لیکن اپنے کاروبار کوبہترکرنے کیلئے تمباکوکااستعمال عام کیاجارہاہے،جس کے خریداروں میں ایک بڑی تعداد نوجوان لڑکوں اورلڑکیوں کی ہے،ان میں تمباکونوشی کارجحان تیزی سے بڑھ رہاہے،مختلف تحقیقات نے یہ ثابت کیاہے کہ تمباکو پر ٹیکس بڑھانے سے ہماری معیشت مضبوط ہوگی،پاکستان پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، روزانہ سکول جانے والے ہمارے بچے اوربچیاں تمباکونوشی کے استعمال سے دوررہیں گے۔

(جاری ہے)

ثنائ اللہ گھمن نے کہا کہ ہمارا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم کسی کو غلط ثابت کرنا چاہتے ہیں،پناہ کا مقصد عوام کی صحت کو لاحق خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔ جن میں سے ایک تمباکو کا استعمال ہے جو کہ دل، کینسر اور سانس کی بیماریوں کا ایک بڑا سبب ہے۔ تمباکو پرٹیکس میں اضافہ نوجوانوں کو تمباکو نوشی اختیار کرنے سے روکنے میں مدد کرتا ہے،موجودہ حکومت کو ہمارے نوجوانوں کو تمباکو کی لت میں مبتلا ہونے سے بچانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں