ملک بھر میں این ایچ اے روڈ انفراسٹرکچر کو بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں ،نئی پالیسی لائیں گے، عبدالعلیم خان

بدھ 17 اپریل 2024 22:37

ملک بھر میں این ایچ اے روڈ انفراسٹرکچر کو بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں ،نئی پالیسی لائیں گے، عبدالعلیم خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت وزارت مواصلات میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی ارشد مجید مہمند کی طرف سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو این ایچ اے کے جاری منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی۔ ترجمان این ایچ اے کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود سمیت وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر مواصلات نے این ایچ اے کی طرف سے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں روڈ انفراسٹرکچر بڑھانے کے لئے پر عزم ہیں ۔این ایچ اے روڈ نیٹ ورک بڑھانے کے لئے خود ریونیو پیدا کرے گا۔

(جاری ہے)

اس بارے کئی سفارشات پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے موٹر ویز اور قومی شاہراہیں بنانے کے لئے صوبوں کے ساتھ مالی اشتراک کی تجویز پر غور کر رہا ہے۔

روڈ انفراسٹرکچر بنانے کے لئے ایک نئی اور واضح پالیسی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس ضمن میں ملک میں ٹول پلازہ کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر اوور لوڈنگ پر جرمانہ، جرم کو جائز کرنے کے مترادف ہے۔ آئندہ کوئی اوور لوڈ ٹرک موٹر وے پر نہیں چلے گا بلکہ موٹر وے کے ساتھ کچا راستہ بنا کر وہاں اتارا جائے گا تاکہ اوور لوڈنگ کی حوصلہ شکنی ہو۔ اجلاس میں گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے حویلیاں ۔ تھا کوٹ موٹروے کو گلگت -سکردو تک توسیع دینے بارے بھی غور کیا گیا مزید براں انہیں ریکوڈک تک روڈانفراسٹرکچر کے منصوبے کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں