ملک کی مایہ ناز نعت خواں منیبہ کبریٰ شیخ کی برسی 14 مئی کو منائی جائے گی

اتوار 28 اپریل 2024 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) ملک کی مایہ ناز نعت خواں منیبہ کبریٰ شیخ کی برسی 14 مئی کو منائی جائے گی۔ منیبہ کبریٰ شیخ پونا ، بھارت کے علمی اور مذہبی گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں۔ اْن کے والد کا تعلق دہلی سے تھا جبکہ ان کی والدہ صغریٰ بیگم درس و تدریس کے شعبہ سے منسلک تھیں اور انھوں نے محمدی گرلز اسکول بھی قائم کیا تھا۔

علمی و ادبی گھرانے سے تعلق رکھنے والی نعت خواں نے فارسی، اسلامی تاریخ، انڈین اسٹڈیز میں ایم۔اے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے استاد امراؤ بندو خان سے موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی اور استاد امیر احمد خان کی بھی شاگر د رہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے ریڈیو سے جو نعت پڑھی وہ ’’مرحبا سیّدی مکّی مدنی العربی‘‘ تھی۔ اْس زمانے میں ریڈیو بہت اہم ذریعہ تھا ، انہوں نے خبروں کے بعد پروگرامز کا آغاز کیا اور ایک پروگرام’’پلیٹ فارم‘‘ کی پانچ سال تک کمپیئر نگ بھی کی۔ حکومت پاکستان نے منیبہ کبریٰ شیخ کو 14 اگست 1988ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا ۔ ان کا انتقال 14 مئی 2017ء کو ہوا ۔ واضح رہے کہ منیبہ کبریٰ شیخ کی بیٹی تحریم شیخ معروف ایک نعت خواں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں