پاکستان اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر اقتصادی امورکی اطالوی سفیرسے گفتگو

پیر 29 اپریل 2024 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی وزیراقتصادی اموراحدخان چیمہ نے کہاہے کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے، پاکستان اٹلی کے ساتھ قریبی تعاون کو جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمیلن سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون کے سربراہ فرانسسکو زٹا اور اٹلی کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری آگسٹو پالمیری اور وزارت اقتصادی امور کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے اٹلی کے سفیر کاپرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعاون کوپرروشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

فریقین نے اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے 14 جولائی 2005 کو دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کے بعد ہونے والی پیشرفت کوسراہا ۔

وفاقی وزیر نے مختلف عالمی معاملات پر دونوں ممالک کے مشترکہ نکتہ نظر کو اجاگر کیا اور پاکستان کے لیے اٹلی کی اقتصادی امداد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اٹلی کی حکومت کی طرف سے دی جانے والی اقتصادی امداد کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سفیر ماریلینا ارمیلن نے غربت میں کمی،دیہی ترقی، فنی اور پیشہ ورانہ تربیت، ثقافتی ورثہ اور زراعت جیسے باہمی متفقہ ترجیحی شعبوں میں پاکستان کی حمایت کے لئے اٹلی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے وزیر کو 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد اٹلی کی طرف سے فراہم کردہ خصوصی امدادی پیکج سمیت اٹلی کی حکومت کی طرف سے جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کرنے سے متعلق پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اٹلی معاشی ترقی کی سرگرمیوں میں پاکستان کی مسلسل مدد کرےگا۔وفاقی وزیرنے سفیر ماریلینا ارمیلن کو پاکستان کی جانب سے اٹلی کی حکومت کے ساتھ قریبی تعاو ن کو مزید مضبوط بنانے اور جاری منصوبوں کے موثر نفاذ وجائزہ کو یقینی بنانے کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں