بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے” کشمیری خاندان “ شدید مشکلات سے دوچار

بدھ 15 مئی 2024 12:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) آج دنیا بھر میں ”خاندانوں کا عالمی دن“ منایا جا رہا ہے تاہم بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیری خاندان 1947سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سےشدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے ”خاندانوں کے عالمی دن“ پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کیلئے وہاں دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کرر کھے ہیں اورمقبوضہ علاقہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکاہے ۔

قابض بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں کو روز قتل ، گرفتار اور خواتین کی بے حرمتی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں نے 1990 سے اب تک محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران8ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا ہے۔ لاپتہ افراد کے اہل خانہ شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں اور وہ یہ نہیں جانتے کہ آیا ان کے پیارے زندہ ہیں یا شہید کیے جاچکے ہیں۔

بھارتی فوجی عمر و جنس کا لحاظ کیے بغیر کشمیریوں کو قتل ، گرفتار کر رہے ہیں اور تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔بھارت نے درجنوں خواتین سمیت ہزاروں کشمیریوں کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کررکھا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں جبر کی انتہا کر دی ہے اور اظہار رائے کی آزادی کا کشمیریوں کا حق مکمل طورپر سلب کر لیا ہے۔

کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ ظلم وستم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف ”پی ایس اے اور یو اے پی اے “جیسے کالے قوانین کے خلاف مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر قانونی بھارتی قبضے کی وجہ سے کشمیری خاندان بکھر چکے ہیں، بھارتی ظلم وستم کی وجہ سے صرف گزشتہ 30 سالوں میں ہزاروں خاندان مقبوضہ علاقے سے آزاد کشمیر اور پاکستان ہجرت پر مجبورہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی جبر اور انسانیت کے خلاف مظالم عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے جسے اپنا دوہرا معیار ترک کر کے مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے تحفظ کیلئے آگے آنا چاہیے۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائو ں، کارکنوں اور نوجوانوں کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں