ورلڈ بیچ گیمز میں انعام بٹ نے اپنا میڈل کشمیریوں کے نام کر دیا

وسائل کی کمی کے باوجود میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئے ، اس کی وجہ سب کی جانب سے حوصلہ افزائی ہے، وطن واپسی پر گفتگو

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:01

ورلڈ بیچ گیمز میں انعام بٹ نے اپنا میڈل کشمیریوں کے نام کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) ورلڈ بیچ گیمز میں انعام بٹ نے اپنا میڈل کشمیریوں کے نام کر دیا۔وطن واپسی پر انعام بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ ان کا چوتھا گولڈ میڈل ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ میڈل ورلڈ بیچ گیمز میں حاصل کیا جہاں پاکستان کی جانب سے نمائندگی کرنے والا میں واحد ایتھلیٹ تھا۔

انعام بٹ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئے اور اس کی وجہ سب کی جانب سے حوصلہ افزائی ہے، محکمہ واپڈا کے علاوہ پاکستان اسپورٹس بورڈ پنجاب اور میڈیا نے بہت سپورٹ کیا۔قومی پہلوان نے کہا کہ یہ اچھی روایت ہے کہ دوسرے کھیلوں کے کھلاڑی بھی حوصلہ افزائی کیلئے آگے آ رہے ہیں، شعیب ملک اور وہاب ریاض سمیت کئی کرکٹرز نے سوشل میڈیا پر پیغامات بھیجے جس سے بہت حوصلہ ملا۔

(جاری ہے)

انعام بٹ نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت سے قبل ہی کہا تھا کہ میڈل کشمیری بہن بھائیوں کے نام کروں گا، خوشی ہے کہ میڈل جیتا ہوں جو اب میں کشمیری عوام کے نام کر رہا ہوں جن پر بہت ظلم و ستم ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہدف ساؤتھ ایشین گیمز ہیں، اس میں کئی پہلوان مختلف کیٹگریز میں حصہ لیں گے تاہم تاحال باقاعدہ کیمپ کا انعقاد نہیں کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ پہلوان وسائل کی کمی کا شکار ہیں کیمپ لگنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ میڈلز جیت سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں