جڑانوالہ واقعے میں مقدمات کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

ایس ایس پی آر او سی ٹی ڈی فیصل آباد مشترکہ تحقیقیاتی ٹیم کے سربراہ ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 اگست 2023 17:43

جڑانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اگست 2023ء ) پنجاب حکومت نے جڑانوالہ واقعے میں مقدمات کی تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقیاتی ٹیم یعنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے جڑانوالہ واقعے میں مقدمات کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے، ایس ایس پی آر او سی ٹی ڈی فیصل آباد جے آئی ٹی کے سربراہ ہوں گے، دیگر ممبران ایس پی مدنیہ ٹاؤن فیصل آباد، ڈی ایس پی سی آئی اے فیصل آباد، انسپکٹر سی آئی اے فیصل آباد اور سب انسپکٹر سی آئی اے فیصل آباد شامل ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزامات کے بعد ہونے والے نقص امن کے واقعات پر دہشت گردی اور جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت 5 مقدمات درج کیے گئے ہیں، مساجد سے اعلانات کرکے عوام کو اقلیتی عبادت گاہوں پر حملہ کرنے کے لیے اشتعال دلانے والے ملزم سمیت 128 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جب کہ 18 اگست کو سپریم کورٹ میں جڑانوالہ واقعے پر نوٹس کے لیے متفرق درخواست دائر کی گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ متفرق درخواست سپریم کورٹ میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس میں جمع کرائی گئی، درخواست میں عدالت عظمیٰ سے جڑانوالہ واقعے پر نوٹس لینے کی استدعا کی گئی، اقلیتی رہنما سیمیول پیارے کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا کہ جڑانوالہ میں 16 اگست کو مذہبی اوراق سمیت چرچ جلائے گئے، سپریم کورٹ جڑانوالہ واقعے پر نوٹس لے۔

اس حوالے سے نگران وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کا تحفظ ریاست کے اولین فرائض کا حصہ ہے، ملک میں انتہا پسندی اور مذہبی کشیدگی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی، ملک میں موجود اقلیتوں کا تحفظ ریاست کے اولین فرائض میں شامل ہے، جڑانوالہ واقعہ میں ملوث افراد کی سزا یقینی بنائے جائے گی کیوں کہ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، جب سب کو یکساں انصاف ملتا ہے تو مملکت بھی قائم رہتی ہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں