بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ قابل مذمت ہے،اصغرقادری

جمعہ 5 اپریل 2024 20:20

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2024ء) چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپپٹما) حافظ شیخ اصغر قادری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں مزیداضافہ قابل مذمت ہے۔ عوام کی کمر توڑنے کی بجائے بجلی چوروں کو پکڑا جائے۔ بجلی مسلسل مہنگی کرنے سے عوام اور پیداوار ی شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ بجلی سستی کئے بغیر پیداوار اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ناممکن ہے لہذا اس لئے اس جانب توجہ دی جائے۔

خسارہ پورا کرنے کے لئے بجلی مہنگی کرنے کے بجائے اشرافیہ سے ٹیکس لیاجائے۔ گزشتہ پانچ سال سے بجلی کی فی کس کھپت مسلسل کم ہورہی ہے جس کی وجہ سے شرح نمو بھی متاثر ہورہی ہے۔ بجلی کی موجودہ قیمت برآمدات پرمبنی ترقی کے راستہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

ایک اندازے کے مطابق بجلی قیمت میں دس فیصد اضافے سے اسکے استعمال میں تین فیصد کمی واقع ہوئی ہے مہنگی بجلی کی وجہ سے بہت ہی صنعتیں اور لوگ توانائی کے حصول کے لئے گیس اور سولر سمیت دیگرذرائع استعمال کرنے لگے ہیں۔

بجلی کا شعبہ کھربوں روپے کے نقصانات کر رہا ہے جسکی وجہ سے بجلی مسلسل مہنگی کی جارہی ہے مگر بجلی کی قیمت کم کرکے اشرافیہ کے ٹیکسوںسے خسارہ پورا کرنے کو توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ نجی شعبہ کے بجلی کے کارخانوں کو ادائیگیاں ڈالر سے منسلک کی گئی ہیں جسکی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی سے ادائیگیوں کا حجم بڑ ھ جاتا ہے جسے روپے سے منسلک کرنے پر غور کیا جائے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں