ٹریفک پولیس جھنگ میں طویل عرصہ سے تعینات کرپٹ اے ایس آئی ٹرانسپورٹرز کیلئے عذاب بن گیا

ماہانہ بھتہ نہ دینے وا لی ویگنوں ،بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹس کے بلاجواز چالانوں پر ٹرانسپورٹرز کا شدید احتجاج

پیر 8 جون 2015 19:43

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء ) :ٹریفک پولیس جھنگ میں طویل عرصہ سے تعینات کرپٹ ، نااہل اورجٹیانہ قبرستان کی اراضی پر ناجائز قبضہ کرکے مکان تعمیر کرنے والا اے ایس آئی مظہر تھہیم ٹرانسپورٹرز کیلئے عذاب بن گیا ہے جس نے ماہانہ بھتہ نہ دینے والے ویگنوں ،بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹس کے بلاجواز چالانوں کے ذریعے ٹرانسپورٹرزکاناطقہ بند کردیاہے جس پرانہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مذکورہ اے ایس آئی کو فوری جھنگ سے تبدیل اور ضلع بدر کرنے کابھی مطالبہ کیاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا ، ایڈیشنل آئی جی /ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب ، ایس پی ٹریفک فیصل آباد، ڈی ایس پی ٹریفک جھنگ سمیت دیگر ارباب اختیار کے نام اپیل میں ٹرانسپورٹرز نے کہاکہ مذکورہ اے ایس آئی طویل عرصہ سے جھنگ میں تعینات اور لوٹ مار و کرپشن سمیت اختیارات کے ناجائز استعمال کا رسیا بن چکاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ مذکورہ اہلکار کی سنگین بے ضابطگی ، بے قاعدگی کااندازہ اس امر سے بھی لگایاجاسکتاہے کہ اس نے جٹیانہ قبرستان تھانہ صدر چوک جھنگ صدر کو بھی نہ بخشاہے اور قبرستان میں قبروں کی جگہ پر قبضہ سمیت قبریں مسمار کرکے وہاں پر اپنا مکان تعمیر کرلیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ اے ایس آئی چالان کرنے کی دھمکیاں دے کر ٹریکٹر ٹرالیوں ، ٹرکوں ، ویگنوں ، رکشوں ، بسوں اور دیگر اقسام کی ٹرانسپورٹ سے روزانہ بھاری بھتہ وصول کرتاہے جبکہ اگر کوئی ویگن ، بس یاٹرانسپورٹ ڈرائیور اس کی مٹھی گرم کرنے سے انکار کرے تو اس کا بلاجواز دفعات لگا کر ناجائز و غیر قانونی چالان کردیا جاتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ مذکورہ بھتہ خور اے ایس آئی خود کو انتہائی بااثر ظاہر کرتاہے اور برملا اس امر کا اظہار کرتاہے کہ چونکہ وہ مبینہ طور پر اپنے افسران کو حصہ بقدر جثہ فراہم کرتاہے لہٰذاکوئی اس کاکچھ نہ بگاڑ سکتاہے۔ اسی طرح اسے شہر کی اہم سیاسی شخصیات کی سرپرستی بھی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کے ڈرائیورز و عملہ کے ساتھ بد تمیزی ، گالم گلوچ ، غیر اخلاقی رویہ اختیار کرنا موصوف کا روز مرہ کامعمول ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کرپٹ ، بھتہ خور ، نااہل اور اختیارات کے نشہ میں بد مست مذکور ہ اے ایس آئی کو فوری جھنگ سے تبدیل اور ضلع بدر نہ کیاگیاتو وہ کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے جٹیانہ قبرستان میں قبروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے اراضی پر ناجائز قبضہ اور وہاں غیر قانونی مکانات تعمیر کرنے والوں کے خلاف بھی فوری آپریشن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تمام مکانات منہدم اور ذمہ دار افراد کے خلاف فوجداری مقدمات کے اندراج کا بھی مطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں