جھنگ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی پولیس کو زیر تفتیش مقدمات کے عبوری یا مکمل چالان مقررہ معیاد تک داخل کرانے کی ہدایت

منگل 18 دسمبر 2012 19:54

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18دسمبر۔ 2012ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہد رفیق نے محکمہ پولیس پر زور دیا ہے کہ زیر تفتیش مقدمات کے عبوری یا مکمل چالان مقررہ معیاد کے اندر عدالت ہائے میں داخل کئے جائیں اوراشتہاری ملزمان و عدالتی مفروران کو گرفتار کرکے عدالت میں مقررہ تاریخ کو پیش کیا جائے تاکہ جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ کرمنل جسٹس کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں ڈی سی او محمد شاہد نیاز،ڈی پی او اختر عمر حیات لالیکا ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری محمد حسین ،سینئر سول جج جاوید اقبال بوسال،سیکرٹری بار محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ ،ایس پی انوسٹی گیشن ،جیل سپرنٹنڈنٹ،ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر ، پروبیشن آفیسر، ای ڈی او ہیلتھ اور چلڈرن رائٹس کمیٹی کے ڈسٹرکٹ کوارڈینٹرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فوجدار ی مقدمات سے متعلق مختلف امور زیر غور لائے گئے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ مقدمات سے متعلقہ سیمپلز ایکسپرٹس اور لیبارٹریزکومقررہ وقت کے اندر بھیجوائے جائیں اور ان کی رپورٹس حاصل کرکے عدالتوں میں بروقت جمع کروائی جائیں۔اس دوران انوائر مینٹل جسٹس کے متعلق معاملات بھی زیر غور لائے گئے۔اجلاس میں سینئر سول جج نے ہسپتالوں میں استعمال شدہ مٹیریل کو بمطابق قانون ضائع نہ کرنے اور غیر مجاز میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز کی طرف توجہ دلائی جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ تمام غیر مجاز اور غیر قانونی میڈیکل پریکٹیشنرز اور عطائیوں کے خلاف فوری طور پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں