ڈینگی کی روک تھام کے لئے بھرپورانسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈاکٹرشاہد سلیم

جمعہ 8 ستمبر 2017 23:50

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2017ء) ڈینگی کی روک تھام کے لئے بھرپورانسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں اور ضلع میں اس وقت ڈینگی کا کوئی مریض نہیں ہے۔یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرشاہد سلیم کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹرحبیب بٹر اورمحکمہ صحت کے دیگر افسران موجود تھے۔

سی ای او نے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی کیخلاف سرویلنس جاری ہے اورڈینگی لاروا کی تلاش کی صورت میں اس علاقے کی مکمل کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈینگی بخار کے شبہ میں دو مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں داخل کئے گئے تھے تاہم ضروری میڈیکل رپورٹس کے بعد وہ ملیریا بخار کے مریض پائے گئے ہیں جن کا ڈینگی وارڈ میں ہی علاج معالجہ جاری ہے وہ تیزی سے روبصحت ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور ضلع میں کوئی علاقہ سرویلنس کے بغیر نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹائر شاپس،کباڑ کی دکانوں،قبرستانوں،پودوں کی نرسریوں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے دیگر ممکنہ ذرائع کو ذمہ داری سے چیک کیا جائے اور ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں تمام تر احتیاطی،انسدادی اور طبی اقدامات بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی کے خطرات موجود ہیں لہذااس سے بچائو کے لئے شہریوں کا احساس بیدار رکھا جائے اس سلسلے میں انسداد ڈینگی آگاہی مہم بھرپورانداز میں جاری رہنی چاہیے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں،گلی محلوں میں پانی کھڑا نہ رہنے دیں اورخصوصی طور پر ائیر کولرز،پودوں کے گملوں،کیاریوں اورپانی کی ٹینکیوں کو مسلسل چیک کیا جائے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹرنے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے تمام تر طبی سہولیات موجود ہیںتاہم مشتبہ مریض کے مطلوبہ میڈیکل ٹیسٹ کے بعد ہی ڈینگی وائرس ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں