محرم الحرام کے حوالہ سے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی ،ڈپٹی کمشنرجھنگ

پیر 25 ستمبر 2017 22:53

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ضلع بھر میں امن و امان کی بحالی کے حوالہ سے علمائے کرام ، سماجی اور کارو باری شخصیات کے مثالی تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ، سات اور دس محرم الحرام کے موقع پر اُن کے بھرپور تعاون اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کے باعث تمام پرگرام پرامن طریقے سے طے پائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالہ سے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدار ت کے دوران کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک ، ایم این اے شیخ محمد اکرم ، اے ڈی سی جنرل ہارون رشید، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز ، حساس اداروں کے نمائندگان ،منتظمین ماتمی جلوس و مجالس اور دیگر ممبران امن کمیٹی بھی اس موقع پرموجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں محرم الحرام کے حوالہ سے سیکورٹی اور دیگر انتظامات حتمی شکل دی جا چکی ہے جس پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عمل درآمد شروع کر چکے ہیں۔تمام حساس ترین ماتمی جلوسوں اورمجالس کی اطراف قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طاقت اور قوت سے شرپسند عناصر سے نمٹنے کیلئے موجود رہیںگے ۔

انہوں نے شہر کی کاروباری اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی شخصیات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی امن پسندانہ روایت کے تحت حساس ماتمی جلوسوں کے موقع پر موجود رہیں تاکہ موقع پر کسی قسم کی بھی غلط فہمی پیدا نہ ہونے دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کی معاونت سے تمام محرم روٹس کو ہر لحاظ سے کلیئر کر دیا گیا ہے تاہم سرکاری کام میں رکاوٹ اور شر پسند عناصر سے سخت سے نمٹا جائیگا۔

اجلاس کے دوران محکمہ صحت اور ریسکیو1122کے محرم پلان کا جائزہ لیتے ہوئے اس پر مکمل عمل درآمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کی قیادت میں فوارہ چوک تا ریل بازار چوک تک ایک امن ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے اور امن قائم رکھنے کے حوالہ سے مختلف بینرز اٹھار کھے تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ حالیہ ملکی حالات کے پیش نظر محرم الحرام کے موقع پر پولیس کی طرف سے فول پروف سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس پر یقینی طور پر عمل درآمد کروایا جائیگا۔عوام کی جان و مال کے تحفظ میں غفلت کے مرتکب کسی بھی سطح کے پولیس اہلکار کے خلاف سختی سے نمٹا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر سخت ترین چیکنگ کا سلسلہ جاری رہیگا تاہم عام شہریوں کو تنگ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگا۔انہوںنے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے پولیس پر عوام کے اعتماد کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کئے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں