ضلع بھر میں پانچویں محرم الحرام کے تمام ماتمی جلوس سخت سیکورٹی کے حصار میںپُرامن طور پر اختتام پذیر

اتوار 16 ستمبر 2018 23:10

جھنگ ۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2018ء) ضلع بھر میں پانچویں محرم الحرام کے تمام ماتمی جلوس سخت سیکورٹی کے حصار میںپُرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔ضلع میں آج 21 ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں سے تین جلوسوں کو بہت زیادہ حساس قرار دیا گیا تھا۔ ایک بہت ہی حساس جلوس آج سیٹلائیٹ کی بستی غوثیہ سے نکالا گیا ۔یہ الم کا ماتمی جلوس تھا ۔

اسکی انفرادیت یہ ہے کہ شروع میں جب یہ لائسینس بردار غلام فرید کے گھر سے نکلتا ہے تو اسمیں صرف 5افراد شامل ہوتے ہیں ۔حسب روایت آج بھی پانچ افراد الم کے ساتھ ایک بجے بعد دوپہر گھر سے برآمد ہوئے ۔یہ مختصر سا جلوس اپنے روٹ پر چلتے ہوئے ٹرانسفارمر چوک پہنچے۔ جلوس میں شامل ہونے کے لئے دیگر شرکاء مختلف راستوں سے چلتے ہوئے جلوس میں شرکت کے لئے ٹرانسفارمر چوک پہنچے۔

(جاری ہے)

یہاںسے جلوس آگے بڑھا اور امام بارگاہ شاہ نجف جاکر مغرب کی نماز سے پہلے اختتام پذیر ہوگیا۔جلوس کے راستے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ تمام راستوں کو خاردار تاروں کی مدد سے سیل کیا گیا اور CCTvکیمروں کی مدد سے جلوس کی مکمل مانیٹرنگ کی گئی۔ جلوس کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔ پانچ محرم کا ایک دوسرا حساس جلوس جھنگ سٹی کی بستی گھوگھے والی سے نکالا گیا۔یہ جلوس بھی سخت حفاظتی حصار میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔ ضلع بھر میں آج تمام جلوس اور مجالس عزا مکمل پرامن رہیں اور ہر جگہ مکمل مذہبی رواداری کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں