جھنگ،ڈپٹی کمشنرکا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ

پیر 14 جنوری 2019 21:45

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) ایڈ منسٹریٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی /ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے مختلف شعبوں کی خصوصی چیکنگ کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو کہا ہے کہ شعبہ بیرونی مریضاں میںٹیسٹ اور دیگر علاج معالجہ کیلئے آنے والے مریضوں کوفوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ دیگر مریضوں کے تشخیصی عمل میں رکاوٹ پیش نہ آئے، اس ضمن میں خواتین اور بزرگ مریضوں کو مزید بہتر انداز میں درکار سہولیات فراہم کی جائیں۔

ڈسڑکٹ ہسپتال کے تمام انتظامی امورطے شدہ طریقہ کار کے تحت مکمل کئے جائیںتاکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی تیز رفتار سہولیات اور خوشگوارا ماحول میسر آئے۔یہ ہدایات انہوںنے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر جاری کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال پاتوآنہ اور دیگر انتظامی افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ادویات کے سٹاک کی کڑی نگرانی کی جائے اور ترسیل کے عمل کو شفاف بنایا جا ئے اورڈیوٹی کے دوران انتظامی عملہ آپس میں باہمی رابطہ کار کو بہتر بنائیں۔

اس ضمن میں سستی اور نااہلی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے مختلف شعبوں کے معائنہ کے دوران مریضوں اور انکے لواحقین سے مفت ادویات کی فراہمی اور علاج معالجہ کی سہولیات کے حوالہ سے گفتگو کی جس پر مریضوں اور لواحقین نے ڈاکٹروں کے تشخیصی عمل اوردیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں