مون سون کے رواں موسم میں ڈینگی کی افزائش کے خطرات بہت زیادہ ہیں، فیلڈ سٹاف چوکس انداز میں ڈیوٹی سر انجام دے، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی

منگل 1 ستمبر 2020 23:05

جھنگ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنرجھنگ محمدطاہر وٹو کی ہدایت پرمنگل کے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالہ سے آگاہی سیمینار کا انعقادکیا گیاجس میں محکمہ صحت کے افسران ، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگراہلکاروں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی نے کہا کہ سیمینار کا مقصد شہریوں کو ڈینگی کے تدارک کے حوالہ سے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خلاف مہم پورے جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائے اوراس سلسلہ میں محکمانہ کوششیں ماند نہیں پڑنی چاہئیں تاکہ ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھاسکے۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ نے ہدایت کی کہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کے انسداد کیلئے جامع مائیکرو پلان ترتیب دیکر بھرپور ذمہ دارانہ عملدرآمد کو یقینی بنایا اور شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احساس اجاگر کرنے کے ساتھ سرویلنس سرگرمیوں کو مئوثراورنتیجہ خیز بنا کرڈینگی کی ممکنہ افزائش کا تدارک کیا جائے۔انہوں نے شہریوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنے گھروں اور گلی محلوں میں انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں حفاظتی وانسدادی اقدامات میں تعاون کریں تاکہ ڈینگی کے تمام تر ذرائع کا سدباب ہوسکے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے سٹاف کے پاس موجود اینڈرائڈ موبائل فونز کو فنکشنل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی کیلئے تشہیر کے ہرممکن ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سٹاف کی میٹنگز میں کورونا وائرس کے خدشات کو مدنظر رکھ کر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ سیمینار کے دوران موجودہ موسم میں انسداد ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے نپٹنے کیلئے جاری تیاریوں اور سرویلنس سرگرمیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیاگیا۔

بعد ازاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انسداد ڈینگی کے حوالہ سے آگاہی واک کابھی اہتمام کیا گیا جس کی قیادت سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی نے کی۔ واک کے دوران شرکاء میں ڈینگی سے بچائو اور تدارک کے حوالہ سے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں