نئے مالی سال کے بجٹ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کیلئے مطلوبہ رقم مختص کی جائے۔ جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کاوزیر اعلیٰ پنجاب سے انتخابی وعدے کی فوری تکمیل کا مطالبہ

اتوار 31 مئی 2015 16:14

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 مئی۔2015ء) جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک نے پنجاب اسمبلی میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کا بل پیش ہونے پر نئے مالی سال2015-16ء کے بجٹ میں یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے ضروری فنڈزمختص کرنے کامطالبہ کیا ہے جبکہ وعدے کے مطابق جھنگ میں میڈیکل کالج کے قیام کے اعلان کی بھی اپیل کی ہے۔ تحریک کے ترجمان نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ 11مئی 2013ء کے عام انتخابات سے قبل جھنگ سے تعلق رکھنے والے ایک سابق وفاقی وزیر تعلیم و تربیت کے اپنی سیاسی پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن)میں شامل ہونے اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جھنگ میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام کااعلان کیاگیا تھا۔

انہوں نے بتایاکہ بعد ازاں انتخابی مہم کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جھنگ آمد اور مائی ہیر سٹیڈیم میں جلسہ عام کے دوران انہوں نے ایک بار پھر وعدہ کیاتھاکہ اگر اہلیان جھنگ 11مئی 2013 ء کے انتخابات میں جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کروا دیں تو جھنگ میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج قائم کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب جبکہ اہلیان جھنگ نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیابی دلوا دی ہے اور 2سال کا عرصہ گزرنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کا بل بھی پیش ہو چکاہے لہٰذا حکومت پنجاب نئے مالی سال کے بجٹ میں جھنگ میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے فوری طور پر مطلوبہ رقم مختص کرے تاکہ حقیقی معنوں میں یونیورسٹی کا عملی قیام ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے انتخابی وعدے کے مطابق جھنگ میں میڈیکل کالج کے قیام کا بھی اعلان کریں تاکہ جھنگ اور گردو نواح کے اضلاع کے ذہین طلباء و طالبات اعلیٰ و پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں