واپڈا فیسکو سلطان باہو ڈویژن کابجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، 180بجلی چور پکڑ لئے

منگل 2 جون 2015 18:12

جھنگ/فیصل آباد ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) واپڈا فیسکو سلطان باہو ڈویژن جھنگ نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ چند روز میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران 180بجلی چور پکڑ لئے ہیں اور ان سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بل وصول کئے گئے ہیں ،نیز فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے تمام کمرشل، زرعی و گھریلو صارفین کو خبردار کیاگیاہے کہ وہ بجلی چوری سے گریز کریں بصورت دیگر دوران چیکنگ بجلی چوری پکڑے جانے پر ان کیخلاف نہ صرف پولیس تھانوں میں مقدمات درج کروائے جائیں گے بلکہ ان کے کنکشن منقطع کرنے سمیت ان سے بطور جرمانہ بھاری ڈیٹیکشن بلوں کی وصولی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

واپڈافیسکو سلطان باہو ڈویژن جھنگ کے ایکسین فیصل رضا مارتھ نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ سلطان باہو ڈویژن کے علاقوں میں سختی سے بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جارہاہے اور اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مشکوک میٹرز کی خفیہ وا علانیہ چیکنگ کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ 180افراد کو غیر قانونی طریقے سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ کر ان کیخلاف متعلقہ پولیس تھانوں میں 180مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کی نشاندہی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے اپنے بجلی کے بل بروقت ادا کریں تاکہ فیسکو بلاتعطل اپنی خدمات کاتسلسل جاری رکھ سکے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں