سیدہ عابدہ حسین خاندان کے نہری پانی چوری کے نتیجہ میں غریب کسانوں کے 20ہزار ایکڑ زرخیز زمین بنجر ہو گئی، پولیس کی رپورٹ

جسٹس محبوب الٰہی نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دے کر اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کا حکم دیدیا

منگل 7 فروری 2017 18:21

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2017ء) مقامی پولیس نے جسٹس محبوب الٰہی کو مفصل رپورٹ جمع کراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ جیونہ خاندان کی طرف سے نہری پانی چوری کرنے کے نتیجہ میں 20ایکڑ زرخیرز زمین بنجر ہو چکی ہے اور غریب کسان خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ چوکی پولیس منڈی شاہ جیونہ کے انچارج رانا شکور نے مقدمہ نمبر38دائر کر کے 26افراد کو گرفتار کرنے کی عدالت سے اجازت طلب کر لی ہے۔

مقدمہ میں سابق سفیر سید عابدہ حسین کے منیجرز اور سابق پارلیمانی سیکرٹری مخدوم اسد حیات بھی شامل ہیں جو مخدوم سید فیصل صالح حیات کے بھائی ہیں۔ پولیس نے نہری پانی چوری کی واردات موقع پر پکڑ کر گرفتاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ شاہ جیونہ خاندان کے لوگوں نے پولیس کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انسپکر رانا شکور نے جسٹس محبوب الٰہی کو رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ شاہ جیونہ خاندان جن میں عابدہ حسین، اسد حیات و دیگر سادات خاندان کے افراد شامل ہیں گزشتہ کئی دہائیوں سے نہری پانی چوری کر کے اپنی زمینوں کو سیراب کرتے ہیں لیکن اس چوری کے نتیجہ میں تھانہ مسن کے 50گاؤں کی زمینیں بنجر ہو چکی ہیں اور وہاں کے کسان فاقوں سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نہری پانی چوری کرنا ایک سنگین جرم ہے اور آج تک کسی حکومت نے بھی شاہ جیونہ خاندان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ کیونکہ یہ خاندان ہمیشہ حکومت میں رہتا ہے اور غریب لوگوں کے حقوق غضب کرتے آ رہے ہیں۔ پولیس آفیسر رانا شکور نے آن لائن کو بتاتے ہوئے کہا کہ جسٹس محبوب الٰہی نے مقدمہ میں نامزد افراد کو گرفتار کر نے کی اجازت دی ہے اور گرفتار ملزمان کاچار روزہ ریمانڈ بھی دے دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مقدمہ میں نامزر بڑے مگر مچھوں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

20سے زائد نامزد افراد نے قبل از گرفتاری ضمانتیں بھی کروا لی ہیں۔ جبکہ مخدوم اسد یار گرفتاری کے ڈر سے لاہور بھاگ گئے ہیں لیکن پولیس نے امریکہ میں پاکستان کی سابق سفیر سیدہ عابدہ حسین کے ڈیرے پر چھاپے مار کر چوری میں ملوث ٹریکٹر کے علاوہ دیگر آلات برآمد کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ عابدہ حسین مخدوم اسد حضرت شاہ جیونہ کی گدی نشین بھی ہیں لیکن وہ غریبوں کے حصے کا پانی چوری کر کے اپنی زمینیں سیراب کرتے آ رہے ہیں اور آج تک قانون اس خاندان کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ مقامی لوگوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ پولیس نہری پانی چوری سے فائدہ اٹھانے والی بڑی شخیت سید عابدہ حسین کو بھی شامل تفتیش کرے تاکہ انصاف کا بول بالا ہو سکے۔۔۔( علی/رانا مشتاق)

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں