ہماری جماعت مسلم لیگ ن کے قائدین پر جتنے ظلم ہوںگے ہم برداشت کریںگے،لیگی امیدواران

ہمارا رابطہ عوام سے ہے اور عوام اپنے ووٹ دے کر ثابت کر دیںگے کہ ہم نے ملک کو وسائل دیئے اور عوام کے مسائل ختم کیے، اجتماعات سے خطاب

اتوار 22 جولائی 2018 19:20

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) ہماری جماعت مسلم لیگ ن کے قائدین پر جتنے ظلم ہوںگے ہم برداشت کریںگے،لیکن ہمارا رابطہ عوام سے ہے اور عوام اپنے ووٹ دے کر ثابت کر دیںگے کہ ہم نے ملک کو وسائل دیئے اور عوام کے مسائل ختم کیے۔جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی انتخابی جلسہ کی کیفیت سے ان کو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہو جاناچاہیے،ان خیالات کااظہار حلقہ این اے 66سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سالار لشکر سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ندیم خادم ،حلقہ پی پی 25کے نامزد امیدوار مہر محمدفیاض،حلقہ پی پی 26کے نامزد امیدوار چوہدری لال حسین نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف اجتماعات میں ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ عوام سے یہ وعدے کرتے ہیں کہ ہم یہ کریںگے ہم وہ کریںگے وہ خیالی پلائو پکانے کی بجائے اپنے سابقہ ادوار میں کیے گئے کارناموں کی تفصیل بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں جس طرح عوام پر ظلم کیے جبکہ ایک آمر کی اقتدار کی چھتری کے نیچے جس طرح اس نے ان کو سایہ فراہم کیا انہوں نے ضلع جہلم کے لیے کیا کیا۔

(جاری ہے)

اور اقتدار کے بعد انہوں نے جتنے بھی الیکشن لڑے عوام نے جس طرح ان سے ووٹ نہ دے کر اپنی رائے کااظہار کیا یہی ان کے لیے کافی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف جو عوام سے محبت کی خاطر پاکستان آئے یہ قربانی صرف اور صرف ملک اور قوم کے لیے ہے اسی پر بس نہیں گزشتہ رات جس طرح حنیف عباسی کے خلاف 11بجے فیصلہ دیا گیا کیا یہ تمام قانونی تقاضے پورے کرتا ہے جبکہ جس جس نے جو جو منصوبہ بندی کرنی ہے وہ کر لے عوام کل بھی ہمارے ساتھ تھے اور آج بھی ہمارے ساتھ ہیں جبکہ ہمارا انتخاب عوام لڑ رہے ہیں اور انہی کے ووٹوں سے کامیاب ہو کر ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریںگے کیونکہ ہم نے نفرت کی نہیں محبت کی سیاست کی ہے اسی لیے آج سیاسی میدان میں کامیابی سے تمام منزلیں طے کررہے ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جو لوگ کل تک راجہ افضل کے ساتھ تھے آج اپنے مفاد کے حصول کی خاطر ہمارے مخالفین کے ساتھ آگئے ہیں جبکہ ہمیں انہی علاقوں سے اتنے ووٹ پڑیںگے کہ وہ اپنی پہچان خود بھول جائیںگے کیونکہ ہمارے مخالفین کے ساتھ ایسے لوگ شامل ہو رہے ہیں جن کے بارے میں ہمارا معزز اور قابل احترام ووٹر سب کچھ جانتا ہے کیونکہ نہ ان کی جمہوری سوچ ہے اور نہ ہی ان کا جمہوری عمل میں کوئی کردار ہے۔

انشاء اللہ 25جولائی کو لوگ شیر پر مہر لگا کر ملک کے نظام کو جمہوریت کی راہ پر گامزن کر کے مضبوط اور مستحکم کریںگے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں