کراچی ،پورٹ قاسم پر قائم پاک چائنا اسٹیل کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) پاک چین مشترکہ منصوبے کے تحت چینی جیانگ بینگ گروپ اور مقامی پارٹنرز کے اشتراک سے پورٹ قاسم پر قائم پاک چائنا اسٹیل کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے جہاں سے پگ آئرن کی پیداوار کا بھی آغاز ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم پر قائم نجی شعبے کی اس پہلی مربوط اسٹیل مل کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز پلانٹ پر منعقد ہوئی جہاں میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ،پاک چائنا اسٹیل کا افتتاح جیانگ بینگ گروپ کے چیئرمین Xianonian Wuنے کیا جبکہ اس موقع پر پاک چائنا اسٹیل کے ڈائریکٹرز لی فلیکس ،مصطفی داؤد،جام آصف ، ہیڈ آف مارکیٹنگ شہریار خان اور دیگر بھی موجود تھے ،افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا کو بریف کرتے ہوئے جیانگ بینگ گروپ کے چیئرمین اور پاک چائنا اسٹیل کے سی ای او نے بتایا کہ اس پلانٹ میں آئرن اوور سے پگ آئرن کی پیداوار کا آغاز کردیا گیا ہے ،پلانٹ کی پیداواری استعداد 8ہزار ٹن ماہانہ ہے جبکہ اس وقت پلانٹ سے 4تا5ہزار ٹن ماہانہ پگ آئرن کی پیداوار کی جارہی ہے ،اس پلانٹ میں60کیوبک میٹر کا ایک بلاسٹ فرنس بھی لگایا گیا ہے جو کہ پاکستان اسٹیل مل کے بعد ملک کا دوسری جبکہ نجی شعبے کا پہلا بلاسٹ فرنس ہے ،انہوںنے مزید بتایا کہ مستقبل میں یہاں بلٹ پلانٹ بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ مقامی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اس پلانٹ سے مصنوعات کی بر آمد کو بھی ممکن بنایا جائیگا ،ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان ریلوے کو بھی پگ آئرن فراہم کررہے ہیں جبکہ اس وقت ریلوے پگ آئرن بھارت سے در آمد کرتا ہے۔

(جاری ہے)

،انہوںنے حکومت سے مطالبہ بھی کیا کہ پگ آئرن کی در آمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی جائے تا کہ مقامی صنعتوں کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے کیونکہ مقامی صنعتیں چلنے سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملکی در آمدات میںبھی کمی واقع ہوگی۔جیانگ بینگ گروپ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ پاک چین دوستی کا تحفہ ہے اور ہم مستقبل میںپاکستان میںمزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں،اس پراجیکٹ پر12ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے اور پگ آئرن کی طلب میںاضافے کے ساتھ ہم اس پلانٹ کی توسیع پر بھی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں،اس پلانٹ میںتیار ہونے والے پگ آئرن کا معیار انتہائی بہترین ہے جس میں کاربن اور جپسم کی مقدار اسکریب سے تیار ہونے والے پگ آئرن کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں