قلت آب؛ کراچی میں ٹینکر کی قیمت میں کمی کا حکم

رینجرز کی نگرانی میں ٹینکرز فراہم کیے جائیں اور صرف رہائشی علاقوں کو پانی دیا جائے، جسٹس (ر) امیرہانی مسلم جو لوگ چھوٹے کین اور کنستر لاتے ہیں انہیں مفت پانی ملتا ہے، ادارے کے تمام ملازمین کرپٹ نہیں مگر کئی ملازمین چوری کرتے ہیںایم ڈی واٹر بورڈ

پیر 15 اکتوبر 2018 16:22

قلت آب؛ کراچی میں ٹینکر کی قیمت میں کمی کا حکم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) واٹر کمیشن نے بلدیہ ٹائون میں ٹینکر کی قیمت میں کمی کا حکم دیا ہے۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن نے شہر میں پانی کی قلت سے متعلق معاملے کی سماعت کی۔ واٹربورڈ کے ایم ڈی خالد شیخ سمیت دیگرحکام کمیشن کے روبرو پیش ہوئے ۔دوران سماعت شہریوں نے بتایا کہ بلدیہ ٹائون میں واٹرہائیڈرنٹ سے پانی فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔

سربراہ واٹر کمیشن جسٹس (ر)امیر ہانی مسلم نے بلدیہ واٹر ہائیڈرنٹ پر واٹر بورڈ ملازمین کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیشن نے حکم دیا کہ ٹینکر کی قیمت 1200 روپے سے کم کرکے ایک ہزار روپے کی جائے اور 6 چھ سال سے وہاں تعینات ملازمین کا تبادلہ کیا جائے۔ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ نے بتایا کہ جو لوگ چھوٹے کین اور کنستر لاتے ہیں انہیں مفت پانی ملتا ہے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ نے اعتراف کیا کہ ادارے کے تمام ملازمین کرپٹ نہیں مگر کئی ملازمین چوری کرتے ہیں۔کمیشن نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے پانی کے شیڈول اور ٹینکر کی قیمت کم کرنے سے متعلق تحریری رپورٹ طلب کرلی اور ہفتہ وار 12 گھنٹے پانی فراہم کرنے کا حکم دیا۔جسٹس (ر)امیر ہانی مسلم نے حکم دیا کہ رینجرز کی نگرانی میں ٹینکرز فراہم کیے جائیں اور صرف رہائشی علاقوں کو پانی دیا جائے۔

ٹھیکیدار اور ایم ڈی واٹر بورڈ نے ٹینکر کی قیمت کم کرنے پر اعتراض کیا تو جسٹس (ر)امیر ہانی مسلم نے کہا کہ صدقہ جاریہ سمجھ کر کام کریں کچھ کام نیکی کی نیت سے کرنے چاہئیں۔سربراہ کمیشن نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے کہا کہ آپ کے وال مین جو زندگی گزار رہے ہیں آپ سوچ بھی نہیں سکتے، بیس پچیس وال مینز کی فہرست دے دوں تو آپ حیران رہ جائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں