ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں یو بی جی کلین سوئپ کرے گی،ایس ایم منیر

جمعرات 22 نومبر 2018 16:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) یونائیٹڈ زبزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چئیرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے ایف پی سی سی آئی کے آمدہ الیکشن میں بلوچستان کی معروف کاروباری شخصیت دارو خان اچکزئی کی جیت یقینی ہے۔ یو بی جی اپنے قیام کے بعد سے چار سال سے مسلسل الیکشن جیت رہی ہے اور پانچواں الیکشن بھی جیتے گی کیونکہ اسے ملک بھر کی کاروباری برادری کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔

ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ انجینئیر دارو خان اچکزئی کو ایف پی سی سی آئی کا صدر بنانے کا فیصلہ بڑی سوچ و بچار اور مکمل اتفاق رائے سے کیا گیا تھا جس سے بلوچستان اور ملک بھر میں معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دارو خان اچکزئی کا تعلق چمن کے ایک معزز گھرانے سے ہے، وہ الیکٹرانک انجینئیر ہیں اور انھیں بین الاقوامی تجارت، انجئیرنگ کے مختلف شعبوں، ٹیلی کام انڈسٹری، خوردنی تیل، امپورٹ ایکسپورٹ، پٹرولیم اور گیس کے شعبوں میں محارت حاصل ہے۔

وہ درجنوں ممالک کا دورہ کر چکے ہیں، متعدد ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں جبکہ کاروباری برادری کی خدمت کے لئے پر عزم ہیں۔وہ کامیاب ہو کر بلوچستان کی کاروباری برادری کے مسائل حل کریں گے اور ایس ایم ای کے شعبہ کو خصوصی توجہ دینگے۔اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بہتر ہو رہے ہیں، گوادر بین الاقوامی تجارت کا مرکز بن رہا ہے جبکہ ان حالات میں بلوچستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یو بی جی نے کاروباری مسائل کے حل میں ہمیشہ دلچسپی لی ہے جو اسکی مسلسل کامیابی کا بنیادی سبب ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں