احتساب عدالت:سیلزٹیکس ریفنڈ اسکینڈل میں3 ملزمان کو سزا

جرم ثابت ہونے پر3 ملزمان آصف ارشد اور عادل ارشد کو20سال قیداور2 کروڑ سے زائد جرمانہ جبکہ مرتضیٰ علی6 سال قیداور5کروڑ سے زائد جرمانہ کی سزا، ملزمان پرسیلزٹیکس ریفنڈ میں کرپشن کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 دسمبر 2018 16:30

کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 دسمبر2018ء) احتساب عدالت کراچی نے سیلزٹیکس ریفنڈ اسکینڈل کے2 ریفرنسزکا فیصلہ سنا دیا، جس کے تحت عدالت نےجرم ثابت ہونے پر 3 ملزمان آصف ارشد اور عادل ارشد کو20سال قید، جبکہ مرتضیٰ علی6 سال قید کی سزا سنا دی ہے، ملزمان پرسیلزٹیکس ریفنڈ میں کرپشن کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت کراچی نے تین ملزمان پر جرم ثابت ہونے پر سزا سنا دی ہے۔

عدالت کے فیصلے کے تحت ملزم آصف ارشد کومجموعی طورپر20 سال قید اور2 کروڑ22 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ جبکہ عدالت نے ملزم مرتضیٰ علی کومجموعی طورپر6 سال قید اور5 کروڑ27 لاکھ جرمانے کی سزا ، اور ملزم عادل ارشد کومجموعی طورپر20 سال قید اور 51 لاکھ60 ہزارروپے  جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔

(جاری ہے)

نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان پرسیلزٹیکس ریفنڈ میں کرپشن کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

دوسری جانب نیب نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی پیر صابر شاہ کیخلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس میں کرپشن کیسز اور جاری تحقیقات سے متعلق جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین نیب نے مزید 16انکوائریوں منظوری دے دی۔ اسی طرح اجلاس میں2 کرپشن کیسزکے ریفرنس احتساب عدالت میں دائرکرنے کی منظوری بھی دی ہے۔

سابق صوبائی وزیرنثارکھوڑو، محکمہ خوراک سکھرکے افسران، شرجیل میمن، عبدالکریم سومرو، سردارقیصرعباس اوردیگرکیخلاف بھی انکوائری کی جائے گی۔ اجلاس میں ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی پیرصابر شاہ اور دیگر کیخلاف انکوائریوں کا حکم دیا گیا۔ تمام انکوائریاں اور تحقیقات مبینہ الزامات پر شروع کی گئی ہیں۔ نیب اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پاورپارک کمپنی، گورنمنٹ ہولڈنگ کمپنی میں بدعنوانی کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔

ایل این جی اورایل این جی ٹرمینل میں بدعنوانی کیخلاف بھی انکوائری ہوگی۔ لاکھڑا پاور ہاؤس جام شورو کے افسران، سرحد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، جناح میڈیکل کالج پشاورکی انتظامیہ کیخلاف تحقیقات کی جائیں گی۔ اجلاس میں سابق چیئرمین ورکرزویلفیئرزبورڈ اورڈاکٹرامیرخان جو گزائی، اسلم پرویز میمن اور دیگر کیخلاف بھی کرپشن ریفرنس دائر ہو گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں