پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر گیس بحرن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

تبدیلی کی دعویدار حکومت نے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں، اٹھارویں ترمیم آصف زرداری نے منظور کرائی تھی جس کی سزا اب سندھ کو دی جارہی ہے، مظاہرے سے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کا خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) سندھ میں گیس کے بدترین بحران پرپاکستان پیپلز پارٹی احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکل آئی ہے جمعہ کو پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں وفاقی حکومت کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا اور زبردست نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہاکہ تبدیلی کی دعویدار حکومت نے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں، اٹھارویں ترمیم آصف زرداری نے منظور کرائی تھی جس کی سزا اب سندھ کو دی جارہی ہے، مقررین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ کے وزراعوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے نیب کے ترجمان بن کر سیاسی مخالفین کو ڈرانے دھمکانے اورانتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے وزیربلدیات سعید غنی، مرتضی بلوچ، لیاقت آسکانی ، جاوید ناگوری اور ذوالفقار ناگوری نے بھی خطاب کیا، مظاہرے میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جو پارٹی پرچم لیکر شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیوں کی شکل میں کراچی پریس کلب پہنچے تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت گیس کی فراہمی معطل کرکے سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے آئین میں واضع ہے کہ جس صوبے سے گیس نکلے گی سب سے پہلے اس کا حق ہوگاصوبہ سندھ کی گیس دوسرے صوبوں کو دینے پر فخر ہے ہمارے صوبے کی گیس سے ملک بھر میں صنعتیں اور لوگوں کے چولہے جلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے لوگوں کا مقدمہ اچھے انداز سے وفاق کے سامنے پیش کیا ہے،وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرادی ہے کہ کل سے گیس کی فراہمی معمول پر آ جائیگی اگر دوبارہ گیس معطل ہوئی تو سوئی سدرن کے ہیڈ آفس پر مظاہرہ کریں گے ۔انہوں نے موجودہ حکومت کی سیاسی انتقامی کارروائیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اصل نیب کے ترجمان چپ ہیں جبکہ عمران خان کے وزرا نیب کی ترجمانی کرتے ہیں الزامات تو عمران سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں پر بھی ہیں مگر ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا بلاول بھٹو کو نیب میں بلایا جا رہا ہے، علیمہ خان کو نیب کیوں نہیں بلاتا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہمارا احتساب نا کرو،پہلے نون لیگ کے مزے تھے اب پی ٹی آئی کے مزے ہیں ۔ سعید غنی نے کہا کہ ملک کا قانون سب کے لئے برابر ہے نیب چیرمین بڑے ادب سے عمران خان سے ملاقاتیں کرتے ہیںاٹھارویں ترمیم پیپلز پارٹی کی لائی ہوئی ترمیم نہیں ہے یہ ترمیم تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظور ہوئی تھی پی ٹی آئی والوں کے چہروں سے چھوٹے صوبوں کے حقوق برداشت نہیں ہوتے یہ نہیں چاہتے کہ صوبے اپنے عوام کے فیصلے خود کریں سعید غنی نے وزیر اعظم انڈے والا کے نعرے بھی لگوائے۔

صوبائی وزیر مرتضی بلوچ نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ وہ صوبہ ہے جس نے قرارداد پاکستان منظور کی لیکن آج اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے اٹھاوریں ترمیم منظور کرائی جس کی سزا اب پورے صوبے کو دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کا کبھی پانی بند کیا جاتا ہے اور اب گیس بند کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت صنعتوں کی گیس بند کرکے مزدوروں کو بے روزگار کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈا دینا کوئی انڈسٹری نہیں ہمارے صوبے سے 70 فیصد گیس جارہی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کو اسکے حق اورحصہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس احتجاج کے زریعے عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سندھ کا حق دیں ۔ جاوید ناگوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت میڈیا سب اچھے کی خبر دے رہا ہے کیونکہ اس پر بھی دبا ہے ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی کی بات کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے لوگوں کو تیار رہنا چاہئے کہ نہ جانے حکومت کی جانب سے کب کون سا بم گرادیا جائے انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم جگا ٹیکس کا نمائندہ بن بیٹھا ہے ۔لگتا ہے اس حکومت سے غربت تو ختم نہیں ہوگیالبتہ غریب ضرورختم ہو جائیں گے سندھ کو گیس کے لئے ترسایا جا رہا ہے ،کراچی میں انسداد تجاوزات کے نام پر غنڈہ راج قائم کیا گیا۔

جاوید ناگوری نے کہا کہ پی پی نے تجاوزات آپریشن پر نظر ثانی درخواست دائر کی ہے ، جاویدناگوری نے کہا کہ جو اس حکومت کو لائے ہیں وہ بھی اب خود پچھتا رہے ہیں ،حکومت غریبوں کو بے روزگار کر رہی ہے، ٹھٹھ میں ہزاروں ایکڑ اراضی بنجر ہو چکی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت انتقامی کاروائیاں بند کرے ورنہ پارٹی لڑنا اور مقابلہ کرنا جانتی ہے ،تبدیلی کے نام پر بیروزگاری کو فروغ دیا جا رہا ہے ،تاجروں کو انڈے والا بنایا جا رہا ہے حکومت کا ہر وزیر جج اور نیب کا ترجمان بنا ہوا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں