بلوچستان کے عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کیلئے وزارت مذہبی امور کاسول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط

کوئٹہ ایئر پورٹ بلڈنگ کی تزئین و آرائش کے ساتھ حجاج کرام کیلئے امیگریشن سمیت ایئرلائن کے کائونٹرز کو بھی فعال کیا جائے، خط کا متن

بدھ 19 دسمبر 2018 13:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) بلوچستان کے عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وزارت مذہبی امور نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط ارسال کیاہے۔ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بلوچستان کے عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کے لیے خط ارسال کیا ہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے عازمین حج کیلئے کوئٹہ ایئرپورٹ پر خصوصی اقدامات کرتے ہوئے سال2019 میں کوئٹہ ایئر پورٹ پر بلوچستان کے عازمین حج کو تمام سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

کوئٹہ ایئر پورٹ بلڈنگ کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ حجاج کرام کے لیے امیگریشن سمیت ایئرلائن کے کائونٹرز کو بھی فعال کیا جائے اور حجاج کرام کی واپسی پر آب زم زم کے ذخیرہ کرنے اور اس کی حفاطت کے اقدامات پہلے سے کئے جائیں۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ایئر پورٹ سے بلوچستان کے مختلف اضلاع کے لوگ حج کی سفری سہولیات حاصل کرسکیں گے۔بلوچستان سے حج کے لئے جانے والے عازمین گزشتہ سال کی نسبت کراچی کے بجائے کوئٹہ سے سعودی عرب کیلئے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ2019 میں15000سے زائد عازمین حج کو کوئٹہ ایئر پورٹ سے سفری سہولیات فراہم کئے جانے کا امکان ہے، پی آئی اے، سعودی ایئر لائنز اورنجی ایئرلائنز کو بھی وزارت مذہبی امور نے پیشگی تیاریوں کیلئے خط لکھ دیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں