سیالکوٹ، سکھر، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ائیرپورٹس ایک ماہ بعد کھول دیے گئے

ائیرپورٹس 27فروری سے بند تھے جنہیں منگل کے روز فضائی آپریشن کے لیے کھول دیا گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 26 مارچ 2019 19:18

سیالکوٹ، سکھر، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ائیرپورٹس ایک ماہ بعد کھول دیے گئے
کراچی(اردو اخبار تازہ ترین۔26مارچ2019ء) سول ایوی ایشن حکام کے نوٹس کے بعد سیالکوٹ، سکھر، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ہوائی اڈے 27فروری سے بند تھے جنہیں اب کھول دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام نے بتایا ہے کہ ان ہوائی اڈوں کو ملکی اور غیرملکی پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے اور ان پر منگل کے روز سے ہی فضائی اپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے البتہ پاکستان پر سے گزرنے والی پروازوں کے لیے فضائی حدود ابھی مزید 24گھنٹے بند رہے گی۔

سول ایوی ایشن حکام کے ان ہوائی اڈوں سے پابندی ہٹانے کے بعد ان پر آپریشن شروع ہو گیا ہے اور پاکستان انٹر نیشنل ائیرلائن (پی آئی اے)کے مطابق انہوں نے ان تمام ائیرپورٹس کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے تاہم سیالکوٹ ائیرپورٹ کا رن وے مرمت کی وجہ سے تاحال بند ہے جسے مرمت کے بعد 28مارچ کو کھول دیا جائے گا اور اس ہوائی اڈے پر بھی فضائی آپریشن شروع ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیا جس کے بھارت کی جانب سے جارحیت بڑھتی ہی چلی گئی۔27فروری 2019ء کو بھارتی فضائیہ نے دوسری مرتبہ پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس کے جواب میں پاکستان کے شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے مارگرائے اور ان کا ایک پائلٹ بھی گرفتار کرلیا۔ سرحدی کشیدگی اور بڑھتے تناؤ کی وجہ سے پاکستان نے ملک میں کمرشل فضائی آپریشن معطل کردیا تھاجس کی وجہ سے فضائی سفر کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا،تاہم چند روز بعد فضائی سفر کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا لیکن ایئر لائنز کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ مخصوص راستہ ہی استعمال کرسکیں گے۔

لیکن سیالکوٹ، سکھر، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ہوائی اڈے نہکھولے جا سکے جنہیں اب مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں