شہرکراچی کی 70 فیصد سے زائد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ و تباہ حالی کا شکار ہیں، خرم شیر زمان

پیر 14 اکتوبر 2019 19:08

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کراچی کی خستہ حال سڑکوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کراچی کی سڑکیں اور انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہیں، شہر کی 70 فیصد سے زائد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ اور تباہ حالی کا شکار ہیں، ٹوٹی سڑکوں اور جابجا گڑھوں کے باعث ٹریفک حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

پیر کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو 80 فیصد ریونیو دینے والے شہر کی حالت موئن جو دڑو سے بھی بری ہوگئی ہے، سندھ حکومت شہریوں کی جان سے کھیلنے مِیں مصروف ہے، سندھ حکومت کراچی کی عوام کو جواب دے کہ کراچی کی تعمیرو ترقی کا پیسہ کہاں گیا انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی سندھ شہر کے نمائشی دورے کرنے کی بجائے کچھ عملی اقدامات بھی کریں، وزیراعلی سندھ شہر کی سڑکوں پر محض فوٹو شوٹ کروانے نکلتے ہیں۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے کہ کہا کہ شہر کے تمام اضلاع کی مرکزی شاہراہیں خستہ حالی کا شکار ہیں اور فوری مرمت طلب ہیں، مرکزی شاہراوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ بھی سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ حکومت اس شہر کے نام پر سیاست کھیلنا بند کرے اور شہر کو اسکا جائز حق ادا کرے، شہر کی سڑکوں پر فوری ترقیاتی و تعمیراتی کام کروایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں