پی آئی اے اور ترکش آئی ٹی کمپنی ہٹ اٹ کے درمیان کاروباری اشتراک کی پہلی سالگرہ کی تقریب

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) اور ترکش آئی ٹی کمپنی ہٹ اٹ کے درمیان کاروباری اشتراک کی پہلی سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ائر مارشل ارشد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہٹ اٹ آئی ٹی کمپنی کے ساتھ ہمارا تکنیکی اشتراک نہایت شاندار رہا ہے اور اس نئے ریزرویشن سسٹم کی بدولت پی آئی اے کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے موبائل ایپ کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے مسافر اپنے موبائل فون پر ریزرویشن بھی کرسکیں گے۔ ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ہٹ اٹ ترکی کی کمپنی سے اشتراک سے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کو فروغ ملا ہے اور ہٹ اٹ کمپنی کے تجربے سے پی آئی اے کی تکنیکی صلاحیت اور استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے اور ہٹ اٹ کمپنی کے اشتراک کا ایک سال مکمل ہونے پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

تقریب سے ہٹ اٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مادام نور گوکن نے بھی خطاب کیا اور پی آئی اے کے ساتھ اپنے کاروباری اشتراک کو دونوں کمپنیوں کیلئے سود مند قرار دیا۔ ریزرویشن سسٹم کی کامیاب تکمیل پر پی آئی اے کے ڈی جی ایم اسد بخاری اور ہٹ اٹ کی منیجر ایمنی اردو کو خصوصی تعریفی اسنادبھی دی گئیں۔تقریب میں ترکی کے قونصل جنرل، پی آئی اے اور ہٹ اٹ کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

قبل ازیں ہٹ اِٹ کے وفد نے پی آئی اے کے زیر اہتمام الشفاء ٹرسٹ میں خصوصی بچوں کے سکول کا دورہ کیا اور بچوں کی تھراپی کے لئے مشینری کا تحفہ دیا۔ پرسیژن انجنیئرنگ کمپلیکس کے ڈرایکٹر اور الشفا ٹرسٹ کے ٹرسٹی ائیر وائس مارشل ثوبان نذیر سید اور ایڈوائزر ٹو سی ای او ائیر وائس مارشل نور عباس نے وفد کو الشفا ٹرسٹ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

ہٹ اٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مادام نورگوکن نے ائر وائس مارشل ثوبان نذیر سید کی سربراہی میں الشفاء ٹرسٹ کی کار کردگی کی تعریف کرتے ہوئے پی آئی اے کے سماجی بھلائی کے کام کو سراہااور اس اہم خدمت میں اپنے بھر پورتعاون کا یقین دلایا۔ وفد کے ارکان نے خصوصی بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور الشفاء ٹرسٹ کی سہولیات کا دورہ کیا۔ الشفاء ٹرسٹ کے صدر محمد شعیب نے وفد کا خصوصی بچوں کے لئے تحائف پر شکریہ ادا کیا۔پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے ہٹ اِٹ کی سربراہ مادام نورگوکن کی جانب سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں