تحریک انصاف باتوں سے نکل کر کام پر توجہ دے ، مرتضی وہاب

وزیراعظم اپنے سندھ کے دوروں اور اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کو مدعو نہیں کرتے،ترجمان حکومت سندھ

پیر 21 اکتوبر 2019 16:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تیس روز کے دوران کراچی کے چھ اضلاع سے ڈی ایم سیز اور سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ کے تعان سے مجموعی طور پر چار لاکھ چونسٹھ ہزار تین سو نوے ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تیس روز کی صفائی مہم میں یہ کچرا لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا گیا اور میں صفائی مہم میں حصہ لینے والے افسران و عملہ کی خدمات کو سراہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم میں شہریوں کے تعاون کا بھی شکر گزار ہوں جس کی وجہ سے تمام کام درست سمت میں کیئے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ساڑھے چار لاکھ ٹن کچرا گلیوں سے اٹھا کر عارضی جی ٹی ایس پوائنٹ پر جمع کیا گیا جو کہ شرافی گوٹھ میں قائم کیا گیا ہے اس کے علاوہ صفائی اختتام پزیر ہونے کے بعد عارضی جی ٹی ایس پوائنٹ کو اصل شکل میں بحال کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ سیکورٹی فورس کے پلاٹ سے ہزاروں ٹن کچرا اٹھایا گیا تاہم ابھی بھی کچرا موجود ہے جسے اٹھایا جارہا ہے ۔ علی زیدی کی کلین کراچی مہم میں پھیلایا ہوا گند حکومت سندھ کو صاف کرنا پڑ رہا ہے ۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ تحریک انصاف باتوں سے نکل کر کام پر توجہ دے ہم کچرا صاف کرنے کی ذمہ داری پوری کریں گے ۔

تنقید کرنے والوں کو کوئی کام نہیں آتا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ وزیر اعظم کے کراچی دورہ پر ان کی پارٹی کی راہنما ان سے ضرور سوال کریں گے کہ آپ کے ایک سو باسٹھ ارب روپے کے کراچی پیکیج کا کیا ہوا ۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ کیا وزیر اعظم کے اعلان کے بعد حیدرآباد میں یونیورسٹی بن گئی اور تھر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کے قیام کا وعدہ کہاں گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے ۔ وزیر اعظم نے ماضی میں جب کبھی وزیراعلی سندھ کو بلایا وہ گئے مگر اب وزیراعظم اپنے سندھ کے دوروں اور اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کو مدعو نہیں کرتے ۔ جب بھی وزیراعظم بلائیں گے وزیر اعلی سندھ ضرور جائیں گے شاید وزیر اعظم کے پاس وزیراعلی سندھ کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب نہیں جس کی وجہ سے وہ سامنا کرنے سے کتراتے ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں