منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنرسندھ

پاکستان کوسٹ گارڈز منشیات کے خاتمے کے لئے نمایاں کردار ادا کررہا ہے، منشیات تلف کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 21 فروری 2020 00:02

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ منشیات کی برائی کو پھیلنے سے روکنے کے لئے منشیات کے مضراثرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پاکستان کوسٹ گارڈز (پی سی جی ) کی جانب سے ضبط کی گئی منشیات اور دیگر نشہ آور اشیاکو تلف کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے اور معاشرے کو ا س کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے ضمن میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی خدمات اور کاوشیں لائق تحسین ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ منشیات کے خلاف اقدامات اور منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات معاشرے کے لئے خطرناک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصاً طالب علم اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کے لئے سماج دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس لعنت سے نمٹنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنا ہوں گے اور منشیات فروشوں کے خلاف بر سر پیکار قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ وہ اور زیادہ موثر طریقہ سے خدمات انجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان کوسٹ گارڈز کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہم سب کو مل کر اس کے خلاف سازشیں کرنے والوں اور یہاں جرائم پھیلانے والوں کا مقابلہ کرنا ہوگا تاکہ مملکت خدا داد تعمیر و ترقی کی منازل طے کرسکے۔ قبل ازیں پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر ثاقب قمر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ آج یہاں 15ٹن سے زائد حشیش، ہیروئن ، کرسٹل دیگر نشہ آور اور مضر صحت اشیاکو تلف کیا جارہا ہے۔بعد ازاں گورنر سندھ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان کوسٹ گارڈ کے افسران اور اسٹاف میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور منشیات کو تلف کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں