حافظ نعیم الرحمن کی آئی جی سندھ مشتاق مہر سے ملاقات ، پولیس اہلکاروں کے لیے حفاظتی لباس پیش کیے

آئی جی سندھ کی جانب سے اظہار تشکر ، سنگین حالات کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہے ، حافظ نعیم الرحمن

پیر 6 اپریل 2020 23:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیر کے روز آئی جی سندھ مشتاق مہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قرنطینہ مراکز میں اپنے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کے لیے الخدمت کی جانب سے حفاظتی لباس PPE(پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ کٹس ) پیش کیں ۔ آئی جی سندھ نے حفاظتی لباس عطیہ کرنے پر حافظ نعیم الرحمن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی آمد کا خیر مقدم کیا ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء راجہ عارف سلطان ، مسلم پرویز اور الخدمت کمیونٹی سروسز کے ڈائریکٹر قاضی صدر الدین بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں کرونا وائرس کی وباء اور اس سے بچائو کے لیے جاری لاک ڈائون کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ موجودہ سنگین حالات کا سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہے اور جو لوگ فرنٹ لائن پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں وہ خراج ِ تحسین کے مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اور موجودہ صورتحال ملک اور قوم کے لیے ایک سخت آزمائش اور امتحان ہے ۔ الخدمت اپنی بساط کے مطابق اور دستیاب وسائل کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔ ہماری یہ کوششیں جاری رہیں گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں