سندھ حکومت نے وفاق پر گیس فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کردیا

جہاں گیس دریافت ہوتی ہے پہلا حق اسی صوبے کے عوام کا ہوتا ہے ، جو گیس سندھ حکومت کا حق ہے وہ فراہم کیوں نہیں کی جاتی؟ صوبائی ترجمان کا وفاقی حکومت سے سوال

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 ستمبر 2020 14:31

سندھ  حکومت نے وفاق پر گیس فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2020ء) سندھ حکومت نے وفاق پر گیس فراہم نہ کرنے کا الزام لگا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہمیں ہماری اپنی گیس ہی فراہم نہیں کررہی ، جو گیس سندھ حکومت کا حق ہے وہ فراہم کیوں نہیں کی جاتی ، جہاں گیس دریافت ہوتی ہے ادھر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہوتا ہے، صنعت کو چلانے کیلئے گیس کی ضرورت ہے،گیس نہیں ہوگی تو صنعتیں نہیں چلیں گے،سندھ حکومت صنعت کاروں کی معاونت کیلئے تیار ہے، لیکن وفاقی حکومت کی متعصبانہ پالیسی کی وجہ سے گیس بحران پیدا ہوا ، تاہم سندھ حکومت صوبے کے عوام ، تاجر ، اور صنعت کاروں کی ترجمانی کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے انڈسٹڑیل زون کو فنڈز فراہم کیے گئے،متعدد منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چل رہے ہیں،کراچی ٹھٹھہ ہائی وےپبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی مثال ہے،صنعتی علاقوں میں ہفتہ صفائی آئندہ ہفتے شروع ہوگی ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پیٹرولیم ڈویژن نے موسم سرما کے دوران ملک بھر میں گیس بحران کا خدشہ ظاہر کردیا ۔ حکام پٹرولیم ڈویژن کے مطابق موسم سرما میں گیس شارٹ فال 3 ارب مکعب فٹ سے زائد رہنے کا خدشہ ہے ، حکومت کی طرف سے گیس کی طلب پوری کرنے کیلئے فوری اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں جس کیلئے اضافی ایل این جی کی درآمد پرکام کا آغازکردیا گیا ہے ، گیس لوڈ مینجمنٹ پلان حتمی مراحل میں ہے، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ترجیح ہوگی ۔

حکام پٹرولیم ڈویژن نے بتایا ہے کہ ہرسال گیس کی طلب ورسدمیں فرق بڑھ رہاہے ، ہرسال گیس کی مقامی پیداوارساڑھے7 فیصد کم ہورہی ہے ۔ یاد رہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ موسم سرما میں صرف کھانا پکانے کے لیے گیس فراہم کی جائے گی ، کیونکہ شدید سردی میں قلت کا سامنا کرپڑسکتا ہے ، تمام تر کاوشوں کے باوجود موسم سرما میں صنعتی شعبے کو کچھ لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

تفصیلات کے مطابق ایس این ایل جی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران گیس کے استعمال میں کئی گنا اضافہ کے باعث ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق بڑھ جاتا ہے ، شدید سردی میں SNGPL کو 500 MMCFD تک کی گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے سردیوں میں گیس صرف کھانا بنانے کے لیے فراہم کی جائے گی ، تاہم گیس کی بڑھتی طلب کے پیش نظر LNG کی درآمد کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں