عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈاکٹر شیریں مزاری اے سی سی اے کے ویبی نار میں شرکت کریں گی

بدھ 3 مارچ 2021 18:26

عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈاکٹر شیریں مزاری اے سی سی اے کے ویبی نار میں شرکت کریں گی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2021ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، ڈاکٹر شیریں مزاری عالمی یوم خواتین کے موقع پر دی ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاونٹنٹس( اے سی سی ای)کے زیر اہتمام منعقد کے جانے والے ویبی نار میں شرکت کریں گی۔یہ ویبی 08 مارچ،2021ء کو منعقد ہوگا اور اس ویبی نار کے انعقاد کا مقصد فنانس کے شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو سراہنا ہے۔

اس ویبی نار میں، صرف خواتین فکری راہنما ، پالیسی ساز اور فنانس کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اے سی سی اے کی دیگر پہل کارخواتین شامل ہوں گی۔اس ویبی نار میں تنوع کا جائزہ لیا جائے گا اور اکاؤنٹنسی کے پیشے کو ملک میں مزید شمولیتی اور متنوع بنانے کے موضوع پر گفتگو کی جائے گی۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، ڈاکٹر شیریں مزاری اور کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹیرینز (سی ڈبلیو پی) کی چیئرپرسن شاندانہ گلزار خان بھی مقررین میں شامل ہیں جو ، اس موضوع پر ،اپنی فکری قیادت سے حاضرین کو آگاہ کریں گی اور مستقبل کی سوچ کے حوالے سے سفارشات پیش کریں گی۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں اِس بات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی کہ اکاؤنٹنسی اور فنانس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی پیشہ ور خواتین کس طرح تنوع کے حوالے سے چیمپئن کا کردار ادا کر رہی ہیں اور اپنے اداروں میں شمولیتی تحریک پیدا کر رہی ہیں۔ویبی نارکے حوالے سے اے سی سی اے کے ہیڈ، سجید اسلم نے کہا:’’عالمی یوم خواتین کے موقع پر ،اس ویبی نار کے ذریعے،ہم ایتھل پرڈی کو بھی خراج تحسین پیش کریں گے جنہوں نے،سنہ 1909ء میں اس پروفیشنل باڈی کی پہلی خاتون رکن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اُنہوں نے اکاؤنٹنسی کے پیشے میں توازن پیدا کرنے کے لیے انتھک کام کیا ہے اور دنیا بھر میں ، اس پیشے سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے راہیں روشن کی ہیں۔اے سی سی اے کو خاص اِس مقصد کے تحت قائم کیا گیا تھا کہ اِس پیشے کو تمام نوعیت کے پس منظر ، صلاحیتیں اور خواہشات رکھنے والے لوگوں کے لیے کھولا جائے۔متعدد ادارے اب تنوع کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کر رہے ہیں اور یہ با ت تسلیم کر رہے ہیں کہ متنوع ٹیمیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، زیادہ منافع بخش ثابت ہوتی ہیں اور عوام کا زیادہ اعتماد حاصل کرتی ہیں جو مساوات کی بنیاد پر کام کرنے والی کمپنیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔

پیشہ ور افراد کے طور پر یہ بات بہت اہم ہے کہ ہم اس بات سے آگاہ رہیں کہ ہمارے ادارے کیا کرنا چاہیے اور ذاتی طور پر ایسے اقدامات یقینی بنانا چاہیے جن سے شمولیت اور تنوع کے ایجنڈے کو فروغ حاصل ہو۔ اکاؤنٹنسی اور فنانس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ، اپنے اداروں میں بہتری کے لیے، لازما ایک طاقت کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ یہ ویبی نار ہمیں ایسی اہم معلومات فراہم کرے گا جن کی ہمیں ضرورت ہے۔

‘‘ویبی نار سے خطاب کرنے والی دیگر اہم شخصیات میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی چیف کمپلائنس آفیسر،زاہدہ رفیق، ایف سی سی اے، ہائی ویلیو انٹروینشنز کی فنانس بزنس پارٹنر، مہوش اقبال، ایف سی سی اے، یونی لیور پاکستان اور اے سی سی اے کی کونسل کی رٴْکن عالیہ مجید ایف سی سی اے، اے سی سی اے ایم این پی کی ویمن اِن فنانس سب کمیٹی کی چیئر،فضا عمران ایف سی سی اے اور ای وائے فورڈ روہڈز کی منیجر کنسلٹنگ سروسز، مدیحہ احمد ایف سی سی اے شامل ہیں۔توقع ہے کہ ایونٹ میں، نجی اور سرکاری اداروں میں فنانس سے تعلق رکھنے والی پیشہ ور خواتین بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں