بھارت نے غیر قانونی طریقے سے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ہے ،گورنر سندھ

جہاں ایک طرف بھارتی سامراج کے ظلم و تشدد کا آتش فشاں دہکا ہوا ہے وہیں اہلِ کشمیر کا جذبہ بھی لائقِ دید ہے،عمران اسماعیل

بدھ 4 اگست 2021 18:10

بھارت نے غیر قانونی طریقے سے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ہے ،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں ریاستی سطح پر یوم استحصال منایا جا رہا ہے جس کا مقصد اقوام ِ عالم کو یہ باور کرانا ہے کہ 5اگست 2019کو ہندوستان نے یکطرفہ اقدام کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور وہاں بدترین مظالم کا سلسلہ شروع کر دیا۔

انھوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف بھارتی سامراج کے ظلم و تشدد کا آتش فشاں دہکا ہوا ہے وہیں اہلِ کشمیر کا جذبہ بھی لائقِ دید ہے۔ وہ جرات و ہمت کی نئی داستانیں رقم کرنے کے لیے میدان ِ عمل میں نکل آئے ہیں۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ آرٹیکل 370کے خاتمے کے بعد ہندوستان ہر حربہ آزما چکا ہے لیکن اہل کشمیر کا جذبہ حریت سرد نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مذید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بلیک آؤٹ آج بھی جاری ہے، دنیا جانتی ہے کہ بنیادی حقوق آج بھی معطل ہیں اور کشمیری اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کے 74ویں اجلاس میں کشمیریوں کا مقدمہ احسن طریقے سے پیش کرکے ثابت کیا کہ وہ کشمیریوں کے سفیر کے طور پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 5 اگست کو پوری پاکستانی قوم اور دنیا میں جہاں جہاں کشمیری بستے ہیں یومِ استحصال مناتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ کئیے جانے والے استحصال کو اجاگر کیا جائے گا اور ان کے ساتھ تجدید عہد کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی حاصل کرکے رہیں گے اور ہماری حکومت اس عزم و استقلال میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں