جامعہ کراچی: شعبہ ویژول اسٹڈیزکے داخلہ ٹیسٹ میں853 طلبہ کی شرکت

اتوار 5 دسمبر 2021 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کا داخلہ ٹیسٹ اتوار05 دسمبر2021 ء کوصبح 11:00 بجے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کے مختلف شعبہ جات میں قائم امتحانی مراکز میں منعقد ہوا جس میں 853 طلباوطالبات نے شرکت کی۔ انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر، سید شمعون حیدر اور تانیہ ناصرنے امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کا فریضہ انجام دیا۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹرنصرت ادریس، کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزرڈاکٹر معیز خان، سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدعابد حسن اورمیڈیکل آفیسر ڈاکٹر اکمل وحیدکے ہمراہ امتحانی مراکز کا دورہ کیااورکروناوائرس کے پیش نظر حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کاجائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ تمام امتحانی مراکز پر سینیٹائزر،فیس ماسک اور تھرمل گن کی موجودگی کو یقینی بنایاگیاہے ۔داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کا تھرمل گن سے ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد کمرہ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔ڈاکٹر صائمہ اختر نے مزید کہا کہ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی (واچ اینڈوارڈ ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے میڈیکل افسراور ان کا طبی عملہ بمعہ ایمبولینس موجود ہے ۔

علاوہ ازیں طلبہ اور ان کے والدین کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی کے سلورجوبلی گیٹ اور مسکن گیٹ پر پوائنٹ بسوں کی موجودگی کو یقینی بنایاگیا ہے جو طلبہ اور ان کے والدین کو امتحانی مراکز تک پہنچانے اور داخلہ ٹیسٹ کے اختتام پر واپس گیٹس تک پہنچانے کی سفری سہولت فراہم کررہے ہیں۔واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر15 دسمبر2021 ء تک اًپ لوڈ کردیئے جائیں گے جبکہ طلبہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج اپنے پورٹل پر بھی دیکھ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں