ظہیر سے جدا کرنے کی کوشش کی گئی تو انتہائی اقدام اٹھائوں گی، دعا زہرا کی دھمکی

کسی صورت ظہیر کو چھوڑ کر کراچی نہیں جائوں گی، والدین مار دیں گے‘ نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 6 جولائی 2022 23:25

ظہیر سے جدا کرنے کی کوشش کی گئی تو انتہائی اقدام اٹھائوں گی، دعا زہرا کی دھمکی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2022ء) کراچی سے لاہور آکر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا نے کہا ہے کہ اگر اس کے والدین نے مداخلت کی یا ظہیر سے جدا کرنے کی کوشش کی تو انتہائی اقدام اٹھادوں گی لیکن ظہیر کو چھوڑ کر کراچی نہیں جائوں گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں دعا زہرا نے کہا کہ اگر میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی بنیاد پراسے ظہیر سے الگ کیا گیا تو وہ کسی صورت والدین کے پاس نہیں جائے گی۔

دعا زہرا نے کہا کہ والدین چھوٹی چھوٹی باتوں پر اسے مارتے پیٹتے تھے، والدین کے پاس گئی تو وہ یقینا مار دیں گے، دارالامان بھی نہیں جانا چاہتی ، اپنے شوہر ظہیر کے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہے۔دعا زہرا کا کہنا تھا کہ میں بالغ ہوں، میرا نکاح جائز ہے، ظہیر کے بغیر رہ ہی نہیں سکتی، ظہیر سے الگ ہونے کا سوچتی بھی ہوں تو دل گھبرانا شروع ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

دعا زہرا نے اپنے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نکاح کیا ہے کوئی گناہ نہیں کیا کہ وہ عدالتوں میں ہمیں گھسیٹ رہے ہیں۔چیف جسٹس ، وزیر اعظم ، وزیر اعلی سندھ اور پنجاب سے اپیل کرتی ہوں کہ مجھے جینے دیا جائے۔ظہیر نے کہا کہ مجھے اپنی عدالتوں پر پورا یقین ہے، وہ ہمیں انصاف ضرور دیں گے، میں دعا زہرا کے لیے جیل بھی جانے کے لیے تیار ہوں۔لوگوں کے تاثرات کے حوالے سے ظہیر کا کہنا ہے کہ لوگوں کا خیال ہے کہ ہم ماں باپ کو نہیں دیکھ رہے، سب کچھ دیکھ رہے ہیں اور ہمیں سب پتہ ہے، لوگ سوشل میڈیا پر چلنے والوں باتیں سن اور دیکھ کر اپنی رائے قائم کررہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں